رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ضلع غربی نے تمام تیاریاں مکمل کرلیں،عبد الرزاق

منگل 31 مارچ 2015 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء)امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان نے کہا ہے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر 3 اپریل سے 15 اپریل تک اسلامی پاکستان ،خوشحال پاکستان رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ضلع غربی نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ پورے ضلع میں دعوتی کیمپ لگائے جائیں گے وسیع پیمانے پر لٹریچر تقسیم کیا جائے گا ۔

نوجوانوں ، علمائے کرام، وکلا، سیاستدانوں، ڈاکٹرز ، اساتذہ اور با اثر افراد سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے اس نظام سے پاکستان کے عوام کو نجات دلانے کے لئے جماعت اسلامی میدان میں موجودہے ہم امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں بہت جلد اس مملکت خداداد کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارکنان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوموں کی آواز بن چکی ہے لوگ ملک میں امن اور سلامتی کے لئے ہمارا راستہ تھک رہے ہیں تمام کارکنان اس مہم میں اپنی دیگر مصروفیات کم کرکے دعوت کا سر انجام دیں ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ جماعت اسلامی ضلع غربی اپنے ہدف سے زیادہ افراد کو جماعت اسلامی میں شامل کرے گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں