یمن سے 502پاکستانیوں کی بخیریت واپسی پر وزیراعظم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،کوکب اقبال

منگل 31 مارچ 2015 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف کے بر وقت اقدامات سے حدیدہ میں پھنسے 502پاکستانیوں کی بخیریت واپسی ممکن ہوئی، جس کے لئے وزیراعظم نواز شریف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، یہ بات کنزیو مرا یسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے وزیراعظم پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے بلائے گئے خصوصی اجلاس سے CAPآفس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سنیئروائس چیئرمین انور عزیز جکارتہ والا، اسحاق عباسی ،مجیب الرحمن خان ،ایڈوکیٹ جاوید احمدچھتاری ،سید فیضِان علی ،عدیل عباسی ،شعیب الیاس حسن ،شاکر ڈوڈیا، سلیم شیخ ،امبر نعیم ،فاطمہ مشرف ،ڈاکٹر فرحانہ مسعود ،ڈاکٹرقرةالعین طالب اور دیگر موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ کئی دنوں سے یمن (حدیدہ ) میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد حالات کے پیش نظر اپنی اور اہل خانہ کی پاکستان واپسی کی منتظرتھی اور پاکستان میں موجود اُن کے خاندان کے دیگرافراد اپنے پیاروں کیلئے دعائیں مانگ رہے تھے، ایسے وقت میں ہرفرد وزیراعظم نواز شریف کے اقدامات کا منتظر تھا تاکہ اُنکے پیاروں کی زندگی خطرات سے دو چار نہ ہو اور وہ باحفاظت وطن واپس آجائیں ،اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف نے بر وقت اقدامات کرکے حدیدہ میں پھنسے 502پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے نہ صرف اقدامات کیے بلکہ لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے باخبر رہے، اُن کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے نے جس طرح کے اقدامات کئے وہ یقینا قابل ستائش ہیں، انہوں نے یمن میں پاکستان کے سفیر کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ سفارت خانہ نے پاکستانیوں کے انخلامیں اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے ،کوکب اقبال نے کہا کہ قومی ایئرلائن پائلٹ اور تمام اسٹاف جو حدیدہ میں پھنسے پاکستانیوں کو یمن کے جنگی حالات میں بحفاظت پاکستان لیکر آیا ،انہوں نے یقینا بہادری کاکا ر نامہ انجام دیا ہے ،وہ نہ صرف مبارک باد کے مستحق ہیں بلکہ انہیں جلد ہی تقریب میں کنزیومر ایسوسی ایشن کی جانب سے ایوارڈ بھی دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے خصوصی پرواز حدیدہ سے 502ہم وطنوں کو لیکر جب پاکستان پہنچی تو ایئر پورٹ پر اُنکے عزیز واقارب نے نہ صرف” پاکستان زندہ باد“کے نعرے لگائے بلکہ وزیراعظم پاکستان کو ہزاروں دعائیں بھی دیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یمن کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے باقی پاکستانی بھی حکومت کی مثبت کوششوں سے جلد وطن آئینگے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں