محکمہ صحت سندھ نے پہلی بار صوبے بھر میں صحت مند سندھ کے نام سے مہینہ صحت منانے کا اعلان کر دیا

پیر 30 مارچ 2015 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) محکمہ صحت سندھ نے پہلی بار صوبے بھر میں صحت مند سندھ کے نام سے مہینہ صحت منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تھرپارکرکے مکینوں میں بہتر غذائیت، بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کی شرح میں اضافے کی آگاہی اور صحت کی صورت حال میں بہتری لانے کے لیے پہلی بار تھر میں3روزہ سندھ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن فیسٹول 8 اپریل سے شرو ع ہو گا۔

فیسٹول کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ مٹھی میں کریں گے۔ اس دوران مفت طبی معائنے، آگاہی دینے اور علاقے میں صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کے لیے مختلف اسٹالز تین دن تک لگائے جائیں گے اور بچوں سمیت دیگر عوام کو تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر صحت سندھ جام مہتاب ڈہر اور سیکریٹری صحت سندھ افتخارعلی شالوانی نے پیر کو سندھ سیکریٹریٹ محکمہ صحت کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ سندھ ڈاکٹر خالد شیخ، چیف پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نوڈ اینڈ اسپیشل انیشئٹومحکمہ صحت ڈاکٹر احسان اللہ خان وزیراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر صحت سندھ جام مہتاب ڈہر نے کہا کہ تھر میں اموات کی وجہ صرف غذائی قلت اور صحت کی سہولیات کی کمی نہیں ہے بلکہ اس کی متعدد دیگر وجوہات بھی ہیں۔ وہاں کچھ مسائل یقینا تھے جس کی میڈیا نے نشاندہی کی لیکن کچھ معاشرتی وجوہات بھی تھیں۔

ان سب مسائل پرتوجہ دینے اور لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے محکمہ صحت ، صحت مند سندھ کے نام سے پورا مہینہ صحت منارہا ہے جس کا آغاز سندھ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن فیسٹول تھر سے ہو گا۔ اس کا مقصد لوگوں میں بہتر غذائیت، خاندانی منصوبہ بندی ، بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کی شرح میں اضافے اور صحت کے دیگر مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور انہیں صحت کی سہولیات کی فراہمی ہے۔

یہ آگاہی لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ددیگر صحت عملے کی مدد سے سندھ بھر میں یونین کونسل کی سطح تک دی جائے گی۔ فیسٹول میں سارے متعلقہ ادارے، این جی اوز اور عالمی تنظیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ اس سے محکمہ صحت سندھ کے ماتحت کام کرنے والے عملے کو بھی لوگوں کی خدمت کی ترغیب ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت جام مہتاب ڈہرنے کہاکہ اسی مہینہ صحت کے دوران پولیو کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس سال سندھ کو پولیو فری کر دیاجائے گا۔

اس کے ساتھ ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی ایڈز،ملیریا، ٹی بی اور دیگر قابل بچاوٴ بیماریوں سے بچنے کی بھی لوگوں کو آگاہی دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اسپتالوں کے مقابلے میں تھر سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بچوں کی شرح اموت بہت کم ہے۔ سیکریٹری صحت سندھ افتخار علی شالوانی نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ کا یہ ایک بڑا ایونٹ ہے اور پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر اس طرح کا فیسٹول منعقد کیا جارہا ہے جس کے لیے ساری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیسٹول کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ 8 اپریل کو مٹھی میں کریں گے۔افتتاحی تقریب شہید بے نظیر کلچرل کمپلیکس مٹھی میں منعقد ہو گی جس میں متعلقہ اداروں کے سربراہان سمیت ڈاکٹرزاور عوام شرکت کریں گے۔ فیسٹول کے دوران جنرل فزیشن، جنرل سرجن، ماہرین امراض اطفال، گائناکولوجسٹ اور دیگر طبی ماہرین مفت معائنے اور علاج کی سہولت فراہم کریں گے جس کے بعد مفت ادویات کی فراہمی کے علاوہ لیبارٹری ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

اس موقع پر آنکھوں کا معائنہ کرانے والے بچوں کو ڈاکٹر کی تجویز پرمفت چشمے بھی دئیے جائیں گے۔فیسٹول کے تینوں دن مختلف ہالز میں غذائیت، خاندانی منصوبہ بندی، امیونائزیشن، ماں و بچے کی صحت سمیت دیگر موضوعات پر آگاہی لیکچرز بھی بیک وقت منعقد کیے جائیں گے جس میں عام عوام کو ویڈیوزکے ذریعے اپنی اور بچوں کی دیکھ بھال کے عملی طریقے بھی بتائے جائیں گے۔

فیسٹول میں شرکت کرنے والے عوام کو تحائف بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر بچوں کے لیے پتلی تماشا اور کھیل کود کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ فیسٹول کے دوران سندھ خصوصا تھرپارکر کی ثقافت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔ افتخارعلی شالوانی نے بتایا کہ فیسٹول کے دوسرے روز کلچرل نائٹ بھی منائی جائے گی جس میں مقامی اور معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس دوران ٹیبلوز، خاکے اور ماروی اسٹوری بھی پیش کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں افتخار علی شالوانی نے بتایا کہ فیسٹول پر محکمہ صحت یا حکومت سندھ کا کوئی پیسہ خرچ نہیں ہورہا بلکہ اسٹیک ہولڈرز سارے اخراجات برداشت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں