پاکستان یمن کی جنگ میں جانبدار ی کے بجائے آگے بڑھ کر مصالحانہ کردار ادا کرے،علامہ السیدعقیل انجم،

یمن میں عراق انڈیا افغانستان اور شام کی تاریخ ایک بار پھر دہرائی جا رہی ہے ، حکمران سب سے پہلے داخلی مسائل پر غور کریں عاقبت نا اندیشانہ فیصلوں سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ اور ملکی سالمیت خطرات سے دوچارہوسکتی ہے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 29 مارچ 2015 22:51

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ السید عقیل انجم قادری نے یمن کی صورتحال پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پاکستان عالم اسلام میں ہونے والے معرکوں میں جانبدار نہ رہے بلکہ اس سے ایک قدم آگے بڑھ کر مصالحانہ کرداربھی ادا کرے، اس وقت یمن امریکی اور صیہونی طاقتوں کے زیر اثر بد ترین حالات سے گزر رہا ہے اور طویل عرصہ سے خانہ جنگی کا شکارہے ،یمن کے اہم شہر امریکی سعودی بمباری سے کھنڈروں میں تبدیل ہو رہے ہیں، عراق انڈیا افغانستان اور شام کی تاریخ ایک بار پھر یمن میں دہرائی جا رہی ہے ،تاریخ گواہ ہے کہ ان ممالک میں نام نہاد جمہوریت اور امن کی بحالی کے لئے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے بدترین فضائی حملے کئے گئے نتیجتاً وہ ممالک معاشی طور پر تباہ و برباد ہو گئے لاکھوں بے گناہ انسان خطرناک بمباری کے نتیجے میں لقمہ اجل بن چکے ہیں اورجنگ کے بعد معصوم بچوں اور عورتوں سمیت بے شمار لوگ جنگ کے بعد ہونے والے معاشی بحران اور قحط سالی اورادویات کی عدم فراہمی کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کے حکمران خود غرضی ختم کریں اور پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بمباری کاشکار بنے ہوئے یمن میں موجود پاکستانیوں کے لیئے فوری اقدامات کیئے جائیں، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوا کرتی، پاکستان حکمران سب سے پہلے داخلی مسائل پر غور کیا کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ان کے عاقبت نا اندیشانہ فیصلوں سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہو اور ملکی سالمیت ان کے فیصلوں سے خطرے سے دوچار ہوجائے ،میاں محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم اگر کچھ دانشمندانہ فیصلے کر سکتی ہے تو وہ مشرقی وسطیٰ کی جنگ میں فریق بننے کی بجائے پاکستان کی داخلی اور جغرافیائی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے قائدانہ اور جرات مندانہ کردار ادا کریں جس سے یمن میں امن قائم ہو سکے اور مسلمانوں کی بقاء کو نقصان نہ ہو اس موقع پر حکیم عظمت اللہ ،حسنات احمد قادری ،میاں نیاز جاوید ،نور المصطفےٰ نورانی ودیگر بھی موجود تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں