اولاد کی تربیت میں ماں کی معاشرت اور باپ کی معیشت کا کلیدی کردار ہے ، ارشد بیگ،

اسلامی پاکستان بنانے کے لئے اپنے گھروں کو جنت کی مانند بنانا ہوگا، اویس یاسین

اتوار 29 مارچ 2015 22:25

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) اولاد کی تربیت میں ماں کی معاشرت اور باپ کی معیشت کا کلیدی کردار ہوتا ہے، اپنے گھر کو جنت بنانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے تمام راستے گھر والوں کے ذریعہ مہیا فرما دیئے ہیں۔اس بات کاا ظہار معروف اسکالر اور جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی تربیتی کمیٹی کے رکن ارشد احمد بیگ نے انجمن کمپلیکس میں جماعت اسلامی نارتھ ناظم آباد زون کے زیراہتمام ”میرا گھر میری جنت “کے عنوان سے منعقدہ فیملی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ کبھی اپنی اولاد کے لئے بد دعا جیسے الفاظ نہیں ادا کریں،زبان سے نکلے الفاظ ایک جگہ ثبت ہوجاتے ہیں اور اُس کے قبول ہونے کی لمحے سے ہم واقف نہیں ہوتے۔لوگ رول ماڈل کے طور پر ملالہ کو جانتے ہیں لیکن مریم جمیلہ کی حقیقت سے کم ہی واقف ہیں ۔

(جاری ہے)

خواتین کو حضرت ہاجرہ سے لے کر حضرت فاطمہ ، حضرت آسیہ  اور حضرت خدیجہ الکبریٰ کی سیرت کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غصہ اور اُس کا رد عمل شیطان کے آلات میں سے ہے ،طلاقوں کابڑھتا ہو ارحجان تشویش ناک ہے جس کے زیادہ تر کیسز غصہ، عدم برداشت اور حقوق و فرائض میں توازن نہ رکھنا ہے۔امیر جماعت اسلامی نارتھ ناظم آباد زون اویس یاسین نے اس موقع پر کہاکہ جماعت اسلامی دعوت کے جس کام کو انجام دے رہی ہے اُس میں اپنے گھر والوں کو بھی شامل رکھتی ہے اور قرآن مجید کے حکم کے مطابق اپنے اہل و عیال کو جہنم کی آگ سے بچانے کے لئے تربیت و تذکیر کو ناگزیر سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان کی تشکیل کیلئے ہمیں اپنے گھروں کو بھی جنت کی مانند بنانا ہوگا تاکہ اس کے اثرات پھیل سکیں ۔اس موقع پر فیملی پروگرام میں شریک اُن کارکنان کو خصوصی انعامات دیئے گئے جن کی تین نسلیں اس وقت جماعت اسلامی میں موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں