اسکائی فائیٹرزاسپورٹس کلب کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

اتوار 29 مارچ 2015 22:23

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) اسکائی فائیٹرزاسپورٹس کلب کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس گزشتہ روز کلب کے سرپرست اعلیٰ محمد اسلم خان کی زیرصدارت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ آفیسرزکلب میں منعقد ہوا جس میں کلب کے تمام عہدیدران نے شرکت کی، کلب کی صدر انیلہ کاظم ، نائب صدر محمد رمضان،جنرل سیکریٹری بتول کاظم، چیئرمین عظم الشان، جوائنٹ سیکریٹریرز طارق خان، ڈاکٹر عارف حفیظ، خازن زاہد غفار، ایونٹ اینڈ میڈیا منیجر کاشف احمد فاروقی سمیت ممبران میں فرخ کمال، عبد الصمد، صفدر، اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے اہم رکن و معروف قانون دان جاوید یوسف اور سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری نوشاد احمد بھی بحیثیت آبزرور میٹنگ میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسکائی فائیٹرز اسپورٹس کلب کے زیراہتمام منعقد ہونیوالے باسکٹ بال، ویمن فیسٹیول ہاکی ٹورنامنٹ اور آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو سراہا گیا جبکہ اپریل میں منعقد ہونیوالے ایونٹ کے بارے میں تمام ممبران سے رائے لی گئی جس میں ٹیبل ٹینس، کیرم اور ویمن کھلاڑیوں کے عالمی دن کے موقع پر مختلف ایونٹ کے انعقاد پر غور کیا گیا، اور ممبران نے ایونٹ کو منعقد کرنے کی اجازت دیدی، کلب کو درپیش چیلنجز اور خواتین کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنے کے حوالے سے کلب کی جنرل سیکریٹری بتول کاظم نے تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد بنیادی اورہرسطح کی خواتین کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنا ہے، ہمارے پلیٹ فارم سے پانچ سال کی بچی سمیت 50سال کی خواتین بھی کھیلوں میں شرکت کرسکتی ہیں ، پچھلے تین ایونٹ میں ہم نے کراچی کی خواتین کوہرسہولیت مہیا کی اور آئندہ بھی سہولیات کی فراہمی کو جاری رکھیں گے، اسکول،جالجزاور یونیورسٹی کی طالبات کو کھیلوں میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے زیادہ مواقع نہیں ملتے اہم اسکائی فائیٹرزکے پلیٹ فارم سے تعلیمی اداروں میں بھی کھیلوں کے دائرے کارکو وسیع کرینگے، انہوں نے کہا کہ ابتدائی طورپر ابھی ہم 14مختلف کھیلوں کے ایونٹ منعقد کرینگے، جن میں، ہاکی، باسکٹ بال، والی بال، آرم ریسلنگ، کرکٹ، تھروبال، بیڈمنٹن، ہینڈبال، شطرنج، کیرم، اسکریبل، برج، مارشل آرٹ اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔

محمد اسلم خان نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، خاص طور ایسے کھیل جن میں خواتین کو مواقع نہیں مل پاتے ہم ان کھیلوں میں بھی انکی نمائندگی کو یقینی بنائیں گے، تاہم کلب کے تمام ممبران کو ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جو بھی کھیل منعقد کرینگے اس میں متعلقہ ایسوسی ایشن کو بھی شامل کیا جائیگا۔

اسکائی فائیٹرزکی صدر انیلہ کاظم نے کہا کہ دنیا کے ہر شعبہ میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں، مگر ہمارے ملک میں خواتین کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جس کا وہ حق رکھتی ہیں، پاکستان میں خواتین کو مردوں کے مساوی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں اور انہیں کھیلوں میں مسلسل نظر انداز کیا جاتا ہے، خواتین میں اس قسم کی بڑھتی ہوئی مایوسی کو ختم کرنے کیلئے ہم اسکائی فائیٹرزکے پلیٹ فارم سے انہیں کھیلوں کے مواقعوں کیساتھ انہیں پروفیشنل ایتھلیٹ بنانے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے، تاکہ ہمارے ملک کی خواتین بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں