ڈی ایم سیز اپنے ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کردہ پروانڈنٹ فنڈ ،پنشن کنٹربیوشن ،گروپ انشورنس کی ادائیگیاں کے ایم سی کو بھیجنے کو تیار ہوگئیں

اتوار 29 مارچ 2015 18:16

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) سجن یونین (سی بی اے) کی کوششیں رنگ لے آئیں ۔ڈی ایم سیز اپنے ملازمین کی تنخواہوں سے کاٹی جانے والی پروانڈنٹ فنڈ ،پنشن کنٹری بیوشن ،گروپ انشورنس کی ادائیگیاں کے ایم سی کو بھیجنے پر تیار ہوگئیں ۔بلدیہ ملیر نے 50لاکھ اور بلدیہ کورنگی نے ایک کروڑ 20لاکھ کی کٹوتی کے چیکس کے ایم سی کے فنانشیل ایڈوائزر کے حوالے کردیئے ۔

سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی کا محکمہ فنانشیل کافی عرصے سے خط وکتابت کے ذریعے کالعدم ٹاؤنز اورموجودہ ڈی ایم سیز کی انتظامیہ کو آگاہ کررہا ہے اور اس سلسلے میں ریٹائرہونے والے ملازمین اور وفات یافتہ ملازمین کے قانونی واجبات کی ادائیگیاں بھی التواء کا شکار تھیں صرف پراپرٹی ٹیکس سے 30فیصد کٹوتی براہ راست کی جارہی ہے جوکہ انکی ادائیگیوں کا 25فیصد بھی نہیں بنتا تھا ۔

(جاری ہے)

اس پر سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی نے طویل عدالتی جنگ جسٹس ہیلپ لائن کے ساتھ مل کر لڑی ۔دوبار سیکریٹری بلدیات کے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوئے ۔اس میں فیصلے ہوتے لیکن عملدرآمد نہ ہوا۔ جس پرعدالت نے ڈی ایم سیزاور کے ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر ز کو 4 مارچ کو طلب کیا لیکن سندھ بار کونسل کے رکن وکیل کی شہادت کے باعث عدالت نے سماعت 30مارچ تک ملتوی کرکے دوبارہ نوٹسز جاری کیے ۔

کمشنر کراچی نے سجن یونین کے صدر سید ذوالفقارشاہ کی جانب سے توجہ دلوانے پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں سخت احکامات جاری کرتے ہوئے مالیاتی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر میونسپل کمشنرز کے خلاف کاروائی کرنے کا حکم دے دیا اور اس کے ساتھ ساتھ ایسٹر کے تہوار سے قبل مسیحی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم جاری کردیا ۔جس پر ڈی ایم سی ویسٹ ،ڈی ایم سی ایسٹ ،ڈی ایم سی سینٹرل ،ڈی ایم سی ملیر ،ڈی ایم سی کورنگی نے مسیحی ملازمین کو ایسٹر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔

ڈی ایم سی ایسٹ میں تنخواہوں کی ادائیگی بھی شروع ہوگئی ہے جبکہ ڈی ایم سی ساؤتھ کے تمام ملازمین کو ماہ دسمبر کی تنخواہیں اداکردی گئی ہیں جبکہ جنوری کی ماہوار تنخواہیں گریڈ ایک تادس تک اداکردی گئیں ہیں کئی محکمے کے ملازمین کو صرف گریڈ ایک دو کو تنخواہ جاری کی گئی ہے ۔اس طرح صرف ڈی ایم سی ساؤتھ کے ملازمین کو جنوری ،فروری اور مارچ کی ایڈونس تنخواہیں ادا ہونا باقی ہیں جبکہ پنشنرز کی اکثریت اب بھی تین سے گیارہ ماہ کی ماہوار پنشن سے محروم ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں