پاکستانی قوم کسی بھی عالمی فرقہ ورانہ جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتی ، شیخ محمد انور

اتوار 29 مارچ 2015 18:15

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین کے مرکزی سینئر نائب صدر شیخ محمد انور نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی عالمی فرقہ ورانہ جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتی لیکن حرمین شریفین پر کسی بھی حملے کی صورت میں اٹھارہ کروڑ عوام پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کرنے کیلئے تیار ہے۔

عالمی قوتیں خطہ ارب کو فرقہ واریت اور شدت پسندی کا گڑ بنا رہی ہیں جس کے پیچھے اُن کے مذموم مقاصد ہیں۔ او آئی سی اور دیگر مسلم تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل حل کریں۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف صاحب سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلامی ممالک کا مشترکہ اجلاس بلائیں اور اسلامی ممالک کے اختلافات کو ختم کرکے مشترکہ اعلامیہ جاری کریں اور مغربی ممالک کو ایسا موقع فراہم نہ کریں کہ وہ مسلمانوں کو کمزور کرکے اپنے مفادات کیلئے انہیں استعمال کرسکیں۔

(جاری ہے)

شیخ انور نے حکومتِ پاکستان اور افواج پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے افواج کو تیار رکھیں۔ مزید براں انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ایران اور سعودی عرب سمیت تمام فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کریں تاکہ خطہ میں امن قائم ہو اور پاکستان مسلمان ممالک کے لیڈر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں