قصبہ علیگڑھ، سوسائٹی اور گلشن اقبال سے ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کی گرفتاریوں پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت،

بے گناہ کارکنان کو سرکاری حراست میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہا ہے، رابطہ کمیٹی

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پرپولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے مسلسل چھاپوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ بند کیاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہفتہ کی صبح سی آئی ڈی پولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروں نے ایم کیوایم قصبہ علیگڑھ سیکٹر، یونٹ 125 کے کارکن محمد ندیم ولد محمد یامین اور اسی یونٹ کے ہمدرد محمد سلیم ولد عبدالحمید کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کرگرفتارکرلیا۔

سرکاری اہلکاروں نے سوسائٹی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارکر یونٹ 59 کے کارکنان محمد احسن ، محمد محسن اور سعادت کو گرفتارکرلیا، یہ تینوں سگے بھائی ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ رینجرز نے سابقہ کے ٹی سی کے رکن محمد عرفان ولد جنید خان کو ان کی رہائش گاہ واقع گلشن اقبال سے گرفتارکرلیا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو سرکاری حراست میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کی کھلی آزادی ہے جبکہ ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں پر غیراعلانیہ پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایم کیوایم کے خلاف غیرمنصفانہ ، جانبدارانہ اور ظالمانہ کارروائیاں ا س بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت ایم کیوایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چھاپوں ، گرفتاریوں اور حراست کے دوران ظلم وتشددکے ہتھکنڈوں سے ایم کیوایم کے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے اور نہ ہی انہیں حق پرستی کی جدوجہد سے باز رکھا جاسکتا ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی غیرقانونی گرفتاریوں کاسلسلہ بند کیاجائے ،گرفتارشدگان کو رہا کیاجائے اور ایم کیوایم کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ بند کرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں