پاکستان ٹیلی وژن پر حملے کے جرم میں درج ایف آئی آر میں عمران خان ،عارف علوی کو شامل کیا جائے،ارکان قومی اسمبلی پیپلزپارٹی

ہفتہ 28 مارچ 2015 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر منور علی تالپور ،شیر محمد بلالانی اور اعجاز حسین جاکھرانی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ڈاکٹرعارف علوی کے مابین ہونے والی خفیہ گفتگو منظرعام پر آنے پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بالخصوص وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ٹیلی وژن پر حملے کے جرم میں درج ایف آئی آر میں عمران خان اور ڈاکٹر عارف علوی کو شامل کیا جائے اور دہشتگردی کے قانون کے تحت فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں ان رہنماوٴں نے چوہدری نثار علی خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جا نا چاہیے اور مجرم خواہ عام شہری ہو یا عمران خان سب کو ایک ہی نظر سے دیکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس بار بھی ”تھرڈ امپائر“ کی انگلی حرکت میں آئے گی اور معاملے کو رفع دفع کردیا جائے گا۔

اگر ایسا ہوا تو یہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی اور اصولوں کی پاسداری پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سوالیہ نشان ہوگا اور قوم حکمرانوں کو بھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن لاہور کو بھی سیاسی و انتظامی مصلحتوں کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے جبکہ پوری قوم ایسی بات کی منتظر ہے کہ انصاف اور اقتدار کے ایوانوں سے قوم کے لئے کیا پیغام آتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں