ورلڈکپ کے دوران کسینو تنازع پرچیف سلیکٹر معین خان برطرف،سلیکشن کمیٹی تحلیل

ہفتہ 28 مارچ 2015 17:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈنے کسینو تنازع پر چیئرمین سلیکشن کمیٹی معین خان کو عہدے سے برطرف کردیا ہے اور نئے کپتان کے ساتھ ساتھ نیا چیئرمین سلیکشن کمیٹی بھی مقرر کیا جائے گا۔معین خان نے ہفتہ کو چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات کی جس میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شہریار نے معین کو انہیں چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان جلد کردیا جائے گا۔پی سی بی کے اندرونی ذرائع نے اس معین خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی سے سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو، سلیم جعفر اور وسیم باری نے بھی ملاقات کی اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان تینوں میں سے کسی ایک کو چیئرمین سلیکشن کمیٹی مقرر کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ معین خان کے معاہدے کی معیاد ختم ہونے میں دو ماہ کا عرصہ باقی ہے اور اسی لیے انہیں پی سی بی میں ہی ایک اور عہدے کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔اعلیٰ سطحی اجلاس میں مصباح الحق کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد قومی ٹیم کے نئے کپتان کے نام پر بھی غور کیا گیا۔آئندہ ماہ ہونے والے دورہ بنگلہ دیش کے لیے نئی سلیکشن کمیٹی کا قیام آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس میں صلاح الدین صلو، سابق ٹیسٹ کرکٹرز وسیم باری، اظہر خان، سلیم جعفر، کبیر خان اورہارون رشید کو شامل کیے جانیکا امکان ہے۔

معین خان گزشتہ دو سال سے پی سی بی میں اہم عہدوں پرکام کرتے رہے اور سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے دور میں وہ کوچ اور منیجر کے عہدے پر فائض رہے۔اگست 2013 میں انہیں قومی ٹیم کا مینجرمقرر کیا گیا اور ڈیو واٹمور کی بحیثیت کوچ عہدے کی معیاد ختم ہوتے ہی معین خان کو فروری 2014 میں قومی ٹیم کا کوچ بنا دیا گیا۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد محمد حفیظ کو قیادت اورمعین خان کو کوچ کے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑے لیکن انہیں اپریل 2014 میں ٹیم کا مینجر اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔

لیکن معین کے دو عہدوں پر ہونے والی تنقید کے بعد ان سے منیجر کا عہدے واپس لے کر ورلڈ کپ سے قبل نوید اکرم چیمہ کو مینجر مقررکیا گیا۔تاہم تنازعات کا سلسلہ ابھی ختم ہونے بھی نہ پایا تھا کہ پی سی بی نے معین کو چیف سیلکٹر ہوتے ہوئے بھی ورلڈ کپ پر ٹیم کے ساتھ بھیج دیا جس پر شدید تنقید کی گئی۔ چیف سلیکٹر نیوزی لینڈ کے کسینو میں جانے کی سنگین غلطی کر بیٹھے جس کے باعث انہیں فوری طور پر پاکستان واپس بلا لیا گیا اور بالآخر انہیں چیف سلیکٹر کے عہدے سے فارغ کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں