نائن زیرو سے گرفتار نو ملزمان مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

جمعرات 26 مارچ 2015 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) انسدادِ دہشت گردی عدالت کراچی نے نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ جمعرات کو نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے نو کارکنوں کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی جوعدالت نے منظور کرلی۔

عدالت میں ملزم فیصل محمود عرف موٹا، فرحان شبیر عرف ملا، نادر شاہ، عبید کے ٹو،عامر سلیم عرف سرکٹا، امتیاز، کاظم رضا رضوی، عبدالقادر ہنگورو اور ندیم احمد عرف مچھڑ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔جہاں عدالت نے دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں عبید کے ٹو کے ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے گلبرگ پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ملزم عبدالقادر ہنگورو پر زبیر، کریم اور پولیس اہلکار چمن کو کلری تھانے کی حدود میں قتل کرنے کا الزام بھی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزم نادر شاہ کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر اس کے اہلخانہ سے ملاقات کرانے کی اجازت بھی دی، ملزمان کو 14 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کو شہر کے مختلف تھانوں سے رینجرز کے پہرے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت لایا گیا، عدالت میں پیش کئے گئے ملزمان میں فیصل موٹا، نادر شاہ ، فرحان ملا سمیت دیگر شامل تھے۔ایم کیو ایم کے وکلاء نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار افراد پر تشدد کیا جارہا ہے جبکہ اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، ملزمان پر شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ ، دھماکا خیز مواد رکھنے سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔

گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے پانچ کارکنوں کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں