کراچی، شہر قائد سب کا ہے ، لسانی، گروہی اور پارٹی سیاست سے گریز کیا جائے، عثمان معظم

جمعرات 26 مارچ 2015 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) حلقہ NA-246ضمنی الیکشن میں امیدوار اور پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے کہا ہے کہ شہر قائد سب کا ہے سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے لسانی، گروہی اور پارٹی سیاست سے گریز کیا جائے محض ووٹوں کے حصول کیلئے کراچی کو سیاسی ، لسانی اور گروہی سیاست میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ پاسبان سکیریٹریٹ کراچی سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں جبر کی سیاست کاخاتمہ ضروری ہے ۔

کراچی کو گذشتہ تین دہائیوں سے قومی دھارے سے الگ تھلگ رکھاگیا ہے جس کی وجہ سے کرپشن کی سیاست کو فروغ حاصل ہوا اورعوام کے مسائل حل نہیں ہوسکے۔ کراچی کے منتخب نمائندوں نے اسمبلیوں میں کراچی کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی تیس سالوں سے سلگ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

جب شہر میں بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ عروج پر، شہر میں طویل عرصہ تک ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی اور پولیس کے مظالم عروج پر تھے اور ہیں تو اس وقت کسی کو شہریوں کے مسائل نظر نہیں آرہے تھے اور اس وقت عوام کی نمائندگی کی بجائے پارٹی مفادات کی سیاست کی جارہی تھی۔

انہوں مزید کہا کہ آج بھی شہر میں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، شہریوں کے کوٹہ کا پانی واٹر ٹینکر مافیا ہڑپ کررہی ہے،سیوریج کا گندہ پانی شہر کی تمام مین شاہراہوں پر جمع نظر آتا ہے لیکن عوام کے نمائندوں کو شہر قائد کے یہ مسائل نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ضمنی الیکشن کے موقع پر کراچی کے عوام کی ہمدردی کا جذبہ جاگ اٹھا ہے۔ عثمان معظم نے کہا کہ کراچی سب کا ہے،ہم نفرت نہیں محبت کی بنیاد پر ہم ایک مرتبہ پھر کراچی کو کراچی والوں کا، سب کا، ہر پاکستانی کا اور روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں