پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے رہنماوٴں کی شہریوں کے ساتھ پولیس کے ناروا رویے اور رقم بٹورنے کی شدید مذمت

منگل 24 مارچ 2015 18:43

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم ،لطیف مغل اور منظور عباس نے شہریوں کے ساتھ پولیس کے ناروا رویے اور مختلف حیلے بہانوں سے ہراساں کرنے اور رقم بٹورنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے شہریوں کی جانب سے پولیس کے ناروارویے اور شہریوں سے ڈرادھمکا کر رقم بٹورنے کی شکایات موصول ہورہی ہے جو کہ تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں پولیس نے بے گناہ شہریوں کو گرفتار کر کے ان کی رہائی کے بدلے رقوم وصول کرنے کی شکایات عام ہو چکی ہیں جس سے ایک جانب جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر سوالیہ نشان لگ رہے ہیں تو دوسری طرف پولیس کی ناروا کارروائیوں سے شہریوں میں غم و غصہ اور اشتعال پایا جاتا ہے جس کا فی الفور تدارک ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق نقطہ نظر صاف اور واضح ہے کہ مجرم اور دہشت گرد کہیں بھی ہو اس کا تعلق خواہ کسی بھی جماعت سے ہو اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے لیکن کسی بھی صورت میں عام اور بے گناہ شہریوں کو تنگ کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن شہریوں کے ساتھ ہونے والے پولیس کے نارواسلوک پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں