ماڈریٹس کے چیئرمین سیّد جاوید اقبال کا سنگا پور کے بانی وزیر اعظم لی کوان یو کے انتقال پراظہار افسوس

منگل 24 مارچ 2015 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء)ماڈریٹس کے چیئرمین سیّد جاوید اقبال نے سنگا پور کے بانی وزیر اعظم لی کوان یو کے انتقال پردلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔جاوید اقبال نے کہا کہ لی کوان یو اپنے پیچھے کارکردگی کی ایک مستحکم وراثت، اسلوب حکمرانی کے لئے ایک غیر جذباتی نقطہء نظر، صفر کرپشن کی پالیسی، اختراعیت، پیش بینی کا روّیہ اور عملیت چھوڑ گئے ہیں۔

جاوید اقبال نے اس موقع پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا :”ان کی قیادت میں ، حتیٰ کہ ان کے حکومت سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی سنگاپور نے نمایاں طور پر کارکردگی اور کرپشن کی کم سطح سے ایک بین الاقوامی کاروباری اور مالیاتی مرکز بننے کی جانب اپنا سفر جاری رکھا۔“ لی کوان یو کے ”سنگا پور ماڈل “ کو کبھی کبھی نرم آمریت کے طور پر بیان کیا جاتا ہے جس میں اقتدار کی مرکزیت، صاف ستھری حکومت اور معاشی آزاد خیالی شامل ہے ، انہوں نے احتیاط اور خود ساختہ پابندیوں کا ماحول پیدا کیا۔

(جاری ہے)

ایشیا اور اس سے باہر رہنماؤں نے اس ماڈل کا مطالعہ کیا اور اس کو پسند کیا اور یہ بے شمارعلمی کیس اسٹیڈیز کا موضوع بھی رہا۔جاوید نے کہا کہ لی کوان یو کی قیادت خداداد صلاحیت اور مدبرانہ سیاست کا ایک منفرد مجموعہ تھی، انہوں نے کہا کہ لی اپنے مثالی تخیل کو حاصل کرنے میں کامیاب رہے، وہ ”ایشیائی اقدار “ کے ماہر تھے ، یعنی ایک ایسا تصور جس میں حکومت کے تمام شعبوں میں نظم و ضبط کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہو۔

چیئر مین ماڈریٹس نے حکومت اور پاکستان کے اعتدال پسند لوگوں پر زور دیا کہ وہ لی کوان کے فلسفے کو اُس عزم کے ساتھ اپنائیں جس سے خود انہوں نے اپنی دوررس بصیرت اور طاقتورو بارعب نقطہء نظر کی پیروی کی ۔2003ء میں قائم کردہ، ماڈریٹس نجی شعبے کا ایک تھنک ٹینک ہے جو رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے کام کرتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں