انتظامی امور پر مہارت حاصل کئے بغیر کسی بھی ادارے کی ترقی ممکن نہیں ، پروفیسر اختر بلوچ

منگل 24 مارچ 2015 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ نے کہا ہے کہ افسران کی جانب سے انتظامی امور میں مہارت حاصل کئے بغیر اپنے ادارے کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ممکن نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ماڈرن یونیورسٹی گورننس کے موضوع پر منعقدہ 5 روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس تربیتی پروگرام سے افسران ‘ فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے دیگر اسٹاف کی انتظامی صلاحیتوں کو بڑھانے میں بھرپور مدد ملی ہے اور اب وہ اپنے فرائض مزید احسن طریقہ سے ادا کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ کسی یونیورسٹی کا انتظامی ڈھانچہ دیگر اداروں سے قدرے مختلف ہوتا ہے لیکن بنیادی انتظامی امور تقریباً یکساں ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

افسران اور فیکلٹی کو اسٹاف کے انتظامی امور کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے معاملات سے بھی نمٹنا ہوتا ہے جس کے لئے نمایاں انتظامی صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے افسران اور اسٹاف کے لئے اس طرح کے مزید تربیتی کورسز منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کورس کے انعقاد میں تعاون پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا ۔ 5 روزہ تربیتی کورس کے دوران جامعہ کراچی اور مختلف نجی جامعات کے انتظامی امور پر دسترس رکھنے والے اساتذہ نے لیکچرز دیئے اور شرکاء کو مختلف تربیتی موڈیولز کے ذریعہ انتظامی امور میں بہتری کے لئے صلاحیتوں کے موثر استعمال کے بارے میں آگاہ کیا ۔

تربیتی کورس کے دوران لیکچر دینے والے اساتذہ میں پروفیسر خالد عراقی ‘ پروفیسر کے ایس ناگپال ‘ پروفیسر ڈاکٹر شبیہ الحسن ‘ ڈاکٹر عرفان حیدر ‘ ڈاکٹر فصیح الکریم ‘ ڈاکٹر یوسف شرجیل ‘ ڈاکٹر تاج محمد بلوچ ‘ ڈاکٹر شہیر وقار اور ڈاکٹر جبار خٹک شامل تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں