پولیس نے کھارادر اور جمشید کوارٹر کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 4ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا

منگل 24 مارچ 2015 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) پولیس نے کھارادر اور جمشید کوارٹر کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاہے، دوسری جانب گلشن اقبال تیرہ ڈی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے،سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ بھی برآمدہواہے۔پولیس کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کھارادر کے علاقے میں شہریوں سے لوٹ مارکرنے والے ڈاکوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی، جہاں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے بعد تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔

ایس پی سٹی کے مطابق کھارادر میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 ڈاکوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزموں سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم بسوں میں ڈکیتی کی ورداتوں میں ملوث ہیں۔ دوسری جانب جمشید کوارٹر کے علاقے سے پولیس نے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو افضل کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزم عادی مجرم ہے، جس کے خلاف مختلف تھانوں میں چھ سے زائد مقدمات درج ہیں۔

گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اس دوران علاقے کی ناکہ بندی کی گئی، تمام داخلی اور خارجی راستے بند کرکے مخصوص مقامات کی تلاشی کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں