انتظامیہ ،ملازمین پاکستان سٹیل درآمدی ہاٹ رولڈ مصنوعات پر12.5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کاخیر مقدم کرتے ہیں ، جنرل ظہیر احمد خان،

موجودہ حکومت کے فیصلے پاکستان سٹیل سمیت ملک و قوم کیلئے خوش آئند ہیں، ادارہ روز افزوں ترقی کریگا،چیف ایگزیکٹو

ہفتہ 21 مارچ 2015 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21مارچ۔2015ء) انتظامیہ اور ملازمین پاکستان اسٹیل درآمدی ہاٹ رولڈ مصنوعات پر 12.5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان ، ہلال امتیاز (ملٹری) نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے درآمدی ہاٹ رولڈ مصنوعات پر ڈیوٹی لگانے کے فیصلے کی بدولت ملک کے واحد فولاد ساز ادارے پاکستان اسٹیل کی ترقی اور استحکام کے لئے دُوررس اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم حکومتی فیصلے سے جہاں پاکستان اسٹیل کی بین الاقوامی معیاری فروخت میں سہولت میسر آنے کی توقع ہے، وہاں پاکستان اسٹیل کی معیاری مصنوعات کی فروخت کی بدولت پاکستان اسٹیل کے مالیاتی استحکام جانب اہم پیش رفت ممکن ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے منظور شدہ مالیاتی پیکیج 18ارب50 کروڑ روپے کی بدولت پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ نے خام مال کی مسلسل درآمد کا انتظام کیا ،قومی ادارے پاکستان اسٹیل ازسرنو فعال بناکر پیداواریت میں بھی نمایاں اضافے کو ممکن بنایا ۔

اب موجودہ حکومت کی جانب سے گذشتہ دنوں درآمد ی ہاٹ رولڈ مصنوعات پر 12.5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرکے پاکستان اسٹیل کے مالیاتی اُمورمیں مزید بہتری اور ترقی کی توقع کی جارہی ہے ۔اس حکومتی اقدام کی نہ صرف انتظامیہ پاکستان اسٹیل تہہ دل سے خیرمقدم کررہی ہے بلکہ ملکی انجینئرنگ کی صنعتوں کی جانب سے بھی اس فیصلے کو سراہا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ادوار میں جاری ہونے والے مختلف SROs ، پاکستان اسٹیل سمیت دیگر ملکی انجینئرنگ صنعتوں کے فروغ اور ترقی میں شدید رُکاوٹ کا باعث بن رہے تھے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ کئی برسوں بعد پاکستان اسٹیل اپنے پیداواری کارخانوں سے سالانہ 11 لاکھ ٹن پیداواری استعداد کے مطابق50 فیصد سے زائد پیداوار حاصل کررہا ہے اور پاکستان اسٹیل رواں ماہ مارچ2015 کے دوران60 فیصد مقررہ پیداواری ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان اور انتظامیہ پاکستان اسٹیل ، وزارتِ صنعت و پیداوار، وزارتِ خزانہ، نجکاری کمیشن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اعلیٰ حکام اور خصوصی طور پر وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے انتہائی شکر گذار ہیں کہ جنہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے بہترین ویژن کے مطابق قومی ادارے پاکستان اسٹیل کی بحالی، ترقی اور استحکام کے لئے دُوررس اور مثبت فیصلے کئے۔

یہ اہم حکومتی فیصلے پاکستان اسٹیل سمیت ملک و قوم کیلئے خوش آئند ہیں، اس سے پاکستان اسٹیل روز افزوں ترقی کرے گا اور ملازمین کے روزگار کا تحفظ بھی یقینی ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں