این اے 246،جماعت اسلامی ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ،حافظ نعیم الرحمن ،

2013میں کراچی کے عوام کے حقیقی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ،،کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو راشد نسیم اور منعم ظفر خان کے کاغذات بھی منظور ،جماعت اسلامی شہر کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر ے گی

جمعہ 20 مارچ 2015 21:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حلقہ این اے 246میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔2013میں ہونے والے عام انتخابات اگر آزاد ،شفاف ،اور غیر جانبدارانہ ہوتے تو نتائج وہ نہ نکلتے جو نکلے ۔2013میں کراچی کے عوام کے حقیقی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ۔

کراچی کے امن کو تباہ کرنے اور دہشت گردی کرنے والے اصل مجرموں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔دہشت گردوں اور ان کی سر پرستی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کا روائی کی جائے اور انہیں سخت سزا دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز این اے 246کے ریٹرننگ آفسر کے سامنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر میڈیا کے نما ئندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کی طرف سے اس نشست سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم ،امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے بھی کاغذات جمع کرائے ہیں ۔کاغذات کی جانچ پڑتا ل کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے جماعت اسلامی کے تینوں امیدواروں کے کاغذات کی منظوری دی ۔جماعت اسلامی کی جانب سے حتمی امیدوار کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا ۔جماعت اسلامی، کراچی کی رونقیں بحال کرنے ،دہشت گردی اور بھتہ خوری ختم کرنے اور اس شہر کو دوبارہ روشنیوں اور امن و محبت کا گہوارہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔

جماعت اسلامی نے شہر میں دہشت گردی اور بھتہ خوری کے خلاف ہمیشہ آواز اُٹھائی ہے اور بڑی قربانیاں دی ہیں ۔جماعت اسلامی نے شہر کی ترقی و خوشحالی اور تعمیر میں بھی بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی میں تاریخی اور مثالی ترقیاتی کام سر انجام دیے گئے ہیں جب کہ اس سے قبل عبد الستار افغانی مرحوم نے بھی کراچی اور یہاں کے شہریوں کے لیے زبر دست جدو جہد کی ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ ضمنی انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں تاہم اب یہ حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہاں آزادانہ ،شفاف اور پُر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور عوام کو ان کی مرضی سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی آزادی دی جائے ۔2013کی طرح پولنگ اسٹیشنوں پر قبضوں اور پولنگ عملے کو یرغمال ہونے سے بچایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں آج دہشت گردوں ،بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز اور ان کے سر پرستوں کے کرتوت جس طرح سامنے آرہے ہیں اس کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ شہر میں ان وارداتوں میں کون لوگ ملوث تھے ،جماعت اسلامی عرصہ دراز سے ان کی نشاندہی کر تی چلی آرہی ہے لیکن کراچی کے شہریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا تی رہی اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں