کراچی میں مسجد کے باہر دھماکا،2افراد جاں بحق،متعددزخمی،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

جمعہ 20 مارچ 2015 16:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) کراچی کے علاقے آرام باغ میں واقع برہانی اسپتال کے قریب مسجد صالح کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ ایک درجن کے قریب زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے آرام باغ میں پاکستان چوک کے قریب واقع بوہری کمیونٹی کی صالح مسجدکے باہرکھڑی موٹرسائیکل میں 1بجکر50منٹ میں دھماکہ ہواہے ،جس کے نتیجے میں2افراد جاں بحق جبکہ ایک درجن کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کی شدت اس قدر زوردار تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔ دھماکے سے مسجد کے قریب کھڑی ہوئی7 موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ جبکہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

(جاری ہے)

دھماکے سے مسجد کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز کے اہلکار، پولیس، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔4 زخمیوں کوبرہانی اسپتال، جب کہ6 کوسول اسپتال منتقل کیاگیا ۔اسپتال ذرائع کے مطابق 2 اافراد کی حالت تشویش ناک ہے۔سول اسپتال میں لائے گئے تین زخمیوں عبداللہ،دانیال اور گووند کی شناخت کرلی گئی ہے۔

دھماکے کے باعث برہانی اسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق ایک جاں بحق شخص کی شناخت شبیر کے نام سے ہوئی ہے۔جبکہ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے شواہد اکھٹے کئے۔ عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے بڑی تعداد میں نمازی جائے حادثہ پر موجود تھے۔

ابتدئی تفتیش کے مطابق دھماکاخیزموادموٹرسائیکل نمبرکے ایف ایف9170میں نصب کیا گیا تھادھماکے میں تین سے ساڑھے تین کلو گرام بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کئے گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ عین اس وقت ہوا جب لوگ جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے ۔ڈی آئی جی ساوٴتھ عبدالخالق شیخ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعہ کیا گیا ہے ۔

بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا ۔دھماکے سے 4افراد زخمی ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بہتر سکیورٹی کے باعث زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی تحقیقات کاآغاز کردیا ہے ۔دھماکے کے ملزمان کو جلد بے نقاب کیا جائے گا ۔ایس ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب نے بھی دھماکے کے بعد فورا جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفت گو میں راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ بوہری برادری کوٹارگٹ کیاجارہاہے، دھماکے میں2سے3کلوباروداستعمال کیاگیا۔

دھماکے میں بال بیئرنگ بھی استعمال کیے گئے، جب کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل لیاقت نامی شخص کے نام پررجسٹرڈ ہے۔وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو مکمل طبی امداد دینے کی ہدایات جاری کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں