بے گناہ لوگوں کو گھروں سے اٹھا کر جان سے مارنا بد ترین دہشت گردی اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے، سراج الحق،

حکمرانوں نے اپنے اقدامات سے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنایا ۔اب ایک بار پھر عوام کو دشمن بنا یا جا رہاہے ۔حکومت پختونوں اور ڈاڑھی والوں کودہشتگرد قرار دیتی ہے ، نیٹو افواج کا اسلحہ تو ان کے دفاتر سے نکلا ہے جنہوں نے کراچی کو برسوں سے یر غمال بنایا ہوا ہے ۔کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے سینیٹ میں آواز بلند کروں گا ۔کراچی کے عوام اور تاجر مل کر عدلیہ ،میڈیا اور شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کرنے کی جدو جہد کریں ۔ سہراب گوٹھ میں منعقدہ عوامی جرگہ سے خطاب

جمعرات 19 مارچ 2015 22:51

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو گھروں سے اٹھا کر جان سے مارنا بد ترین دہشت گردی اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے حکمرانوں نے اپنے اقدامات سے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنایا ۔اب ایک بار پھر عوام کو دشمن بنا یا جا رہاہے ۔حکومت پختونوں اور ڈاڑھی والوں کودہشتگرد قرار دیتی ہے مگر نیٹو افواج کا اسلحہ تو ان کے دفاتر سے نکلا ہے جنہوں نے کراچی کو برسوں سے یر غمال بنایا ہوا ہے ۔

کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے سینیٹ میں آواز بلند کروں گا جس کے ساتھ ظلم ہوگا میں اس کا ساتھ دوں گا اور اس کا وکیل بنوں گا ۔کراچی کے عوام اور تاجر مل کر عدلیہ ،میڈیا اور شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کرنے کی جدو جہد کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہراب گوٹھ میں منعقدہ عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جرگے کا اہتمام کراچی میں رہائش پذیر پختون آبادی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف عوامی احساسات و و جذبات کی ترجمانی کے لیے کیا گیا تھا جس میں قبائیلی عمائدین اور پختونوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔

جرگے سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،صوبہ بلوچستان کے امیرعبد المتین اخونزادہ ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،امرائے اضلاع یونس بارائی ،منعم ظفر ،عبد الرزاق خان،جماعت اسلامی ضلع وسطی کے سیکریٹری محمد یوسف ،زون گڈاپ کے امیر عرفان احمداور دیگر نے بھی خطاب کیا۔عوامی جر گے میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک قرار داد بھی منظور کی گئی۔

اس موقع پر حاجی طور خان نے سراج الحق کی دستار بند ی بھی کی ۔سراج الحق جب عوامی جرگے میں پہنچے تو جر گے کے ہزاروں شرکاء نے ان کا زبر دست استقبال کیا اور پُر جوش خیر مقدمی نعرے لگائے اورپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔سراج الحق جب اسٹیج پر پہنچے تو انہوں نے ہا تھوں میں ہاتھ ڈال کر شرکاء کے نعروں کا جواب دیا اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج کا عوامی جر گہ حکمرانوں سے انصاف کے حصول اور آئین و قانون کی بالا دستی کا مطالبہ کرتا ہے ،پاکستان کا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کسی کے گھر رات کو گھس کر اسے اُٹھا لیا جائے پھر اس کی لاش کہیں کسی سڑک پر پڑی ملے ۔کراچی کے لوگ یہ شکایت کرتے ہیں کہ رات کو ان کے گھروں میں کچھ لوگ گھس کر ان کے پیاروں کو اُٹھا لیتے ہیں اور ہماری داد رسی اور فریاد سننے والا کوئی نہیں،میں وزیر اعلیٰ سے کہتا ہوں کہ جب رات کے وقت لوگوں میں گھروں میں گھسا جا سکتا ہے تو پھر لوگ بھی رات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گھس سکتے ہیں ۔

قبائیلی عوام نے قائد اعظم محمد علی جناح کا ساتھ دیا اور 68سال سے ملک کی حفاظت کر رہے ہیں لیکن اسلام آباد نے قبائیلی عوام کی وفاداری کو تسلیم نہیں کیااور ان کے ساتھ زیادتی کی ،آج ان کے اندر یہ سوچ پیدا ہو رہی ہے کہ اسلام آبادوالے ہمیں اپنا شہری تسلیم کرتے ہیں یا نہیں ۔حکمرانوں کے رویوں نے ہی مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنا دیا ہے ۔ایک لاکھ فوج نے اس لیے شکست کھائی کہ عوام ان کے ساتھ نہیں تھے ۔

حکمرانوں کو چاہیے کہ عوام پر بھروسہ کریں ،امریکہ پر بھروسہ کرنا چھوڑ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ہر مجرم قابل مواخذہ ہے لیکن ان کو عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے ناکہ خود اس کے مجرم ہونے کا فیصلہ کر لیا جائے ۔پختون قوم غیرت مند قوم ہے اور وہ اپنے گھروں میں دوسروں کے گھسنے کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ پختونوں نے روس کا مقابلہ کیا اور امریکہ و نیٹو کا مقابلہ کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پختونوں کو دہشت گرد قرار دیا جا رہاہے اور ڈاڑھی والوں کودہشتگردی میں ملوث بتایا جا رہاہے لیکن اب خود اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان کو ترقی دینے کے لیے قوم کو ایک ہونا چاہیے ۔

امریکہ اور یہودیوں کا منصوبہ ہے کہ مسلک اور قومیت کی بنیاد پر مسلمانوں کو لڑایا جائے ۔حکومت کا فرض ہے کہ مسجد کے ساتھ ساتھ چرچ کو تحفظ دیا جائے ۔جو حکومت عوام کو تحفظ نہیں دے سکتی انہیں حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر چترال تک غریبوں اور مظلوموں کو اکٹھا کریں گے ۔کراچی کوحقوق کے لیے سینیٹ میں آواز اُٹھا ؤں گا اور کراچی کی لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بناؤں گا ۔

ہر مظلوم ہمارا ہے اور ہم اس کے والی وارث اور وکیل بنیں گے ۔ہم پوری سیاسی اور پارلیمانی قیادت کو کراچی میں جمع کریں گے ۔کراچی میں میڈیا بھی یرغمال بناہوا ہے جو سچ بولتا ہے اس کو ولی خان بابر بنا دیا جا تا ہے اور آج ولی بابر کا سزا یافتہ قاتل بھی نائن زیرو سے پکڑا جا چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں تاجروں نے بھی بہت بھتہ دیا ہے 259مزدوروں کو جلانے والے کون لوگ ہیں انکے چہرے پر سے نقاب ہٹ چکا ہے یہ کوئی الزام نہیں ۔

اب عدالت کا کام ہے کہ ان مظلوموں کے خون کا حساب لے ۔جر گہ مرکزی اور صوبائی حکومت سے اپیل کرتا ہے کراچی میں ظلم بند کیا جائے ۔تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ آپس میں الزامات لگانے کا سلسلہ بند کریں ،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلافات ختم ہوں سب مل کر صرف عوام کے لیے جدو جہد کریں ۔حالات کا تقاضہ ہے کہ آپس میں لڑنے کے بجائے غریبوں کے لیے لڑیں اور غربت کے خلاف متحد ہو کر جنگ کریں ۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ کراچی میں کون لوگ دہشت گردی میں ملوث ہیں اب کھل کر سامنے آگیا ہے ۔جن لوگوں کو دہشت گرد کیا جا رہا تھا وہ تو پُر امن شہری ہیں اصل دہشت گرد تو سرکاری سر پرستی میں پر وان چڑھ رہے ہیں جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ ہے ۔عبد المتین اخوندزادہ نے کہا کہ عدل و انصاف صرف شریعت کا نظام ہی دے سکتا ہے ۔سراج الحق کی قیادت میں پاکستان کو ایک اسلامی اور خوشحالی کا پاکستان بنائیں گے ۔

کراچی کو جماعت اسلامی ہی آباد کر سکتی ہے اور سراج الحق عوام کے ترجمان ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کا یہ جرگہ صرف اسی علاقے اور آبادی کے لیے نہیں بلکہ شہر کراچی کے مسائل کا حل اور امن کا پیغام ثابت ہوگا ،بد قسمتی سے پولیس کے محکمے میں سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں ۔راؤ انوار اور خرم حارث جیسے پولیس افسران امن پسند شہریوں کے دشمن بنے ہوئے ہیں اور زبان اور علاقے کی بنیاد پر معصوم شہریو ں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔

جماعت اسلامی زبان و نسل اور علاقائی تعصبات سے با لاتر ہو کر ایک کلمے کی بنیاد پر سب کو دعوت دیتی ہے اور عوام کو تقسیم در تقسیم کرنے کی سازش کے خلاف اتحاد و یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کی جدو جہد میں مصروف ہے ،پختونوں اور افغانیوں نے دنیا کی سپر پاور روس کو شکست و ریخت سے دوچار کیا ۔جذبہ جہاد اور شو ق شہادت نے روس کو پیش قدمی سے روک دیا ۔

آج امریکہ کو بھی افغانستان میں عبرت ناک شکست ہوئی ہے اور وہ وہاں سے نکلنے کی تیاریاں کر رہا ہے ۔جماعت اسلامی اس شہر کو دہشت گردی اور دہشت گردوں سے نجات کی تحریک چلارہی ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،رینجرز کو دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرنی ہو گی ،ہم زرداری کی مفاہمتی سیاست کو مسترد کرتے ہیں ۔ظالموں اور دہشت گردوں کو آخر کیوں سپورٹ کیا جا رہا ہے ۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پختون آبادی کے ساتھ ناروا سلوک اور مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز اُٹھائی ہے ،جب یہاں کے نمائندوں کا ایک وفد ادارہ نور حق آیا تھا تب حافظ نعیم الرحمن نے ان کا خیر مقدم کیا اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ان بستیوں میں گذشتہ چار پانچ ماہ کے دوران بڑی تعداد میں بے گناہ لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ،جب عدا لت کے بغیر لوگوں کو مارا جائے گا تو لوگوں کے اندر اشتعال پیدا ہوگا ۔

عبد الرزاق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران نے عوامی جرگہ کا انعقاد کر کے کراچی کی پختون آبادی اور قبائیلی عمائدین کو اتنی بڑی تعداد میں جمع کیا ۔پختون عوام نے ہمیشہ دین اور ملک سے محبت اور والہانہ عقیدت کا اظہار کیا ہے اور بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن آج ان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے وہ ان کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔

آج پختونوں کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے آکر دیکھ لیں کہ پختون عوام جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔یونس بارائی نے کہا کہ کراچی کو جان بوجھ کر مسائلستان بنا دیا گیا ہے اور کراچی کی تباہی و بربادی میں حکمران طبقے اور حکومتوں کا منفی کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ،کراچی میں بھتہ خوروں ، دہشت گردوں ،قاتلوں ،اور جرائم پیشہ عناصر کو سر کا ری سر پرستی حا صل رہی ہے اور حکمرانوں کی چھتری میں اس شہر کو ویران بنا دیا گیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں