تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے احتجاج کرنے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قابل مذمت ہیں ،حافظ نعیم الرحمن ،

پاسلو عہدیداران سمیت دیگر ملازمین پر قائم جھوٹے مقدمات ختم ،ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور ادارے کی نجکاری روکی جائے،امیرجماعت اسلامی کراچی

ہفتہ 14 مارچ 2015 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اسٹیل مل کے ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے اور ادارے کی نجکاری کے خلاف ہزاروں ملازمین کے پُر امن احتجاج کرنے پر پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو ) کے صدر حاجی خان لاشاری اور سیکریٹری ظفر خان سمیت دیگر عہدیداران اور پُر امن مظاہرین کے خلاف اسٹیل مل کی انتظامیہ کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملازمین کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی اور انتظامیہ کا دوہرا معیار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ انتظامیہ پاسلو کے عہدیداران پر مقدمات قائم کرنے کے بجائے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے اور ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں کے اندر پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب کو دور کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملازمین کا پُر امن احتجاج ان کا جمہوری حق ہے ،لیکن انتظامیہ نے اس احتجاج کو ملازمین کا جرم بنا دیا ہے اسٹیل مل میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف تو آج تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی لیکن اپنا حق مانگنے اور ادارے کی تباہی و بر بادی اور نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پاسلو کے عہدیداروں اور ملازمین کو دباؤ میں لانے اور پُر امن احتجاج روکنے کے لیے جھوٹے مقدمات قائم کر رہی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ پاسلو عہدیداران سمیت دیگر ملازمین پر قائم جھوٹے مقدمات فی الفور ختم کیے جائیں ،ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں اور ادارے کی نجکاری کے عمل کو روکا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں