کراچی ،تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پُر امن احتجاج کرنے والے پاسلو عہدیداران کے خلاف پولیس نے انتظامیہ کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی

جمعہ 13 مارچ 2015 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء) تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پُر امن احتجاج کرنے والے پاسلو کے عہدیداران صدرحاجی خان لاشاری ،جنرل سیکریٹری ظفر خان ،تنویر ایوب،یاسین جامڑو،اکبر ناریجو،محمد نقاش اور دیگرکے خلاف پولیس نے انتظامیہ کے درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل مل کی پارکنگ ایریا میں تین روز قبل چار ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ہزاروں ملازمین احتجاج کر رہے تھے ۔

ان کا مطالبہ تھا کہ ان کی تنخواہیں بغیر کسی کٹوتی کے فی الفور ادا کی جائیں ،اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل رو کا جائے اور ہزاروں ملازمین کو بے روز گار ہونے سے بچایا جائے ۔ ملازمین رات گئے پُر امن طور پر منتشر ہو گئے تھے تاہم اسٹیل مل کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو پُر امن احتجاج سے روکنے اور مزدور رہنماؤں کودباؤ میں لینے کے لیے سی بی اے یونین کی ایماء پرپاسلو کے رہنماؤں اور پُر امن مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹیل ملز پاسلو یونین کے عہدیداران حاجی خان لاشاری ،ظفر خان اور دیگر کے خلاف ہنگامہ آرائی،توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں بن قاسم تھانے میں مقدمہ نمبر 43/13درج کیا گیا ہے۔پاکستان اسٹیل پاسلو یونین کے رہنماؤں نے ایف آئی آر کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مزدور رہنماؤں کے خلاف مقدمہ محنت کشوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے ،مظاہرین پُر امن اپنا احتجاج ریکارڈ کر وا رہے تھے ،ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا جواز بنا کر مقدمہ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ۔

انتظامیہ نے ملازمین کو گذشتہ چار ماہ کی تنخواہیں دینے کے بجائے پُر امن احتجاج کرنا بھی جرم بنا دیاہے۔اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تما م جھوٹے مقدمات فی الفور واپس لیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں