داؤد یونیورسٹی میں جمعیت کے تحت نئے آنے والے طلباء کے لئے استقبالیہ کا انعقاد

جمعہ 13 مارچ 2015 20:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء) اسلامی جمعیت طلبہ داؤد انجینئر نگ یونیورسٹی کے تحت نئے آنے والے طلباء کے لئے استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں سیکڑوں کی تعدادمیں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ استقبالیہ کی تقریب میں وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نصرت علی ، نامور صحافی عنیق احمد اور مشہور اسکالر زبیر منصوری نے شرکت کی۔

ویلکم پارٹی کا افتتاح ناظم جمعیت داؤد یونیورسٹی اویس بقائی نے کیا ۔وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ نے طلباء کو یونیورسٹی کے اہم اصول و ضوابط سمجھاتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ کی اس کا وش کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت نے فرسٹ ڈے فول اور ریگنگ جیسی غیر اخلاقی اور حراساں کر دینے والی بیہودہ روایات کا خاتمہ کرکے نئے آنے والے طلبہ کا استقبال کیاہے ۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی انجینئرحافظ نعیم الرحمن نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آ پ امت مسلمہ اور پاکستان کاقیمتی سرمایہ ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ میں اپنی آنے والی نسل کو باشعور اور تعلیم یافتہ دیکھ رہا ہوں۔طلباء کو چاہئے کہ وہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے اس ملک کے لئے صحیح اور کرپشن سے پاک اسلامی قیادت کا انتخاب کریں اور ملکی سیاست میں دلچسپی لیتے ہوئے صحیح اور غلط کا فیصلہ کریں ۔

قیام پاکستان کے وقت بھی آپ جیسے ہونہار طلباء اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کا قیام عمل میں لائے تھے۔ لہٰذا ٓج بھی پاکستان کے حالا ت کو صحیح سمت میں لانے کے لئے آپ لوگوں کو ہی اٹھنا ہو گا ۔ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نصرت علی نے کہا کے جمعیت نے ہر مقام پر طلبہ کی رہنمائی کی ہے اور طلبہ کے حقوق کے لئے آواز اٹھا ئی ہے۔

آج طلبہ یونین پر پابندی لگے برسوں گزر جانے کے بعد بھی جمعیت ملک بھر کے کالجوں اور جامعات میں طلباء کی رہنمائی کرتی ہے۔اس کا منہ بولتاثبوت جامعہ کراچی میں جمعیت کے تحت طلباء کے حق میں کیا گیا احتجاج ہے جس کے نتیجے میں انتظامیہ نے نہ صرف فیسوں میں اضافہ واپس لیا بلکہ ایڈمیشن فارم کی قیمت میں بھی کمی کی۔ اسلامی جمعیت طلبہ آپ تمام طالب علموں کو علم کی دہلیز پر خوش آمدید کہتی ہے۔

نامور صحافی عنیق الرحمن نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ان صالح نوجوانوں کا قافلہ ہے کہ جس نے ملکی سیاست سے لے کر ہر ادارے میں با کردار اور با اخلاق لوگ فراہم کیے ہیں۔جمعیت نے طلباء کو ایک پاکیزہ پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس کی بدولت ایسے لوگ تیار ہوتے ہیں جو اپنا مقام آپ پیدا کر لیتے ہیں۔میں جمعیت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جن کے کارکنان بنا کسی غرض اور ذاتی مفاد کے صرف رضائے الہٰی کے حصول کی خاطر نوجوانوں کو اللہ او ر اسکے رسول کی جانب بلاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں