مولانا غفور حیدری کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بننا مدارس دینیہ کی تعلیمات اور خدمات کا اعتراف ہے ،مفتی ابوہریرہ

جمعہ 13 مارچ 2015 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے رضاربانی کو چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر دلی مبارکبا د دی ہے۔اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دینی مدرسے کے ایک طالب علم کا ملک کے سب سے بڑے قانون سازادارے کا ڈپٹی چیئرمین بننا انتہائی خوش آئند ہے ۔

ارکان سینیٹ کا مولانا عبدالغفور حیدری پر اعتماد دراصل مدارس دینیہ کی ،تعلیمات ،اعلیٰ اقدار اور خدمات کا اعتراف ہے۔مفتی ابوہریرہ محی الدین نے اس موقع پرمسلم لیگ (ن) کے نہال ہاشمی،سلیم ضیاء،راجہ ظفر الحق،ایم کیوایم کی خوش بخت شجاعت،این پی کے میرحاصل بزنجو سمیت دیگر نومنتخب سینیٹروں اور پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کو پارلیمانی لیڈرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیاکہ ایوان بالا میں ایک متوازن ایوان کا ہونا ملک اور قوم کے لئے نیک شگون ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ رائٹ اور لفٹ کا کمبی نیشن ہونے سے ملک کے اندر ایک متوازی قانون سازی اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی فضا قائم ہوگی ۔مفتی ابوہریرہ محی الدین نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامان ہے ان کا تقاضہ ہے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر مشکلات کا حل نکالیں۔انہوں نے اپنے بیان میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر افواج پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی ہورہی اور دہشت گرد موجود ہیں فوج بلاتفریق ان کا پیچھا کرے پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

مفتی ابوہریرہ محی الدین نے فورسز کو متنازع بنانے کے بیایات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی محافظ اور ہر طرح کے سیاسی عزائم سے مبرا ہیں ۔سیاسی ومذہبی جماعتوں کو چاہئے کہ عسکری ونگ رکھنے والی جماعتوں کو اصلاح کی جانب لے کر جائیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں