شجرکاری مہم کے ذریعے آلودگی کا خاتمہ یقینی بنایا جارہا ہے اور ضلع کو سرسبز بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں،محمد مزمل قریشی

منگل 10 مارچ 2015 23:03

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) حق پرست ارکین قومی اسمبلی محمدمزمل قریشی ، ایم پی اے فیصل سبزواری نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ آغا پرویز، میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی منظور حسین عباسی کے ہمراہ ابو الحسن اصفہانی روڈ میٹرول تھرڈ کے اطراف صفائی مہم کا آغازکیا ۔اس موقع پر سپرنٹینڈینگ انجینئر بلدیہ شرقی فضل محمود گل اور تمام محکمہ جاتی افسران کے علاوہ میڈیا اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق صفائی مہم کا آغاز جھاڑو،شجرکاری اور اسپرے کرکے کیا گیا بعد ازاں حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ڈی سی ایسٹ اور میونسپل کمشنر کے ہمراہ الیکٹرک پول پر کلر کرکے بھی مہم کو آگے بڑھایا۔اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد مزمل قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم 33 کو کوئی ڈیپارٹمنٹ اون نہیں کرتا جبکہ حق پرست اراکین اسکیم 33 کو نظر انداز ہونے نہیں دیں گے انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کے ذریعے آلودگی کا خاتمہ یقینی بنایا جارہا ہے اور ضلع کو سرسبز بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں جبکہ حق پرست اراکین بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں لہذا صفائی ستھرائی کے سلسلے میں عوام کا تعاون بھی بہت ضروری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس پورے علاقے کو گرین کردیں گے ہم چاہتے ہیں کہ فنڈز صرف عوام کو ریلیف پہنچانے پر استعمال کیے جائیں قومی و صوبائی اسمبلی کے ایوانوں میں مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا کہ قائد تحریک کی ہدایت پر بلدیاتی اداروں کے تعاون سے صفائی مہم کا آغازکیا گیاہے ، انہوں نے مزید کہا کہ جب تک کوئی باقاعدہ بلدیاتی نظام رائج نہیں ہوجاتا تب تک حق پرست اراکین ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف پہنچاتے رہیں گے اس سلسلے میں نہ صرف بلدیاتی امور بلکہ تعلیم و صحت میں بھی عوام میں شعور و آگاہی بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کو فعال بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ آغا پرویز نے کہا کہ عوام کی شکایات پر تجاوزات کا خاتمہ کررہے ہیں اور کاروائی کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پرڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ سروسز اقبال احمد، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ نفیس احمد خان، ڈائریکٹر پارکس رضا قائم خانی،دائریکٹر لوکل ٹیکس اینڈ ریکوریز عزیز انصاری،ایکسی این ایم اینڈ ای نثار سومرو، ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس ، ڈائریکٹر ایڈمن شمس الحسن، ایڈیشنل ڈائریکٹر زاہد بن خلیل و دیگر افسران موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں