سندھ کے نئے چیف سیکرٹری کے لئے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان صدیق میمن اور طاہر رضا نقوی کے 2 ناموں پر اتفاق ہوگیا

منگل 10 مارچ 2015 22:41

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) سندھ کے نئے چیف سیکرٹری کے لئے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان صدیق میمن اور طاہر رضا نقوی کے 2 ناموں پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ان میں سے کسی ایک کی تقرری آئندہ ایک دو روز میں ہوجائے گی۔ یہ بات حکومت سندھ کے انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتائی ہے۔ ذرائع کے مطابق صدیق میمن نے پیر کو اسلام آباد میں وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات سے ملاقات کی۔

باور کیا جاتا ہے کہ انہیں سندھ کے نئے چیف سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔ صدیق میمن اس وقت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے چیئرمین ہیں۔ وہ سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری، محکمہ تعلیم اور دیگر اہم محکموں کے سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ طاہر رضا نقوی بھی پیپلز پارٹی کی قیادت کے لئے قابل قبول ہیں۔

وہ پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت کے دوران اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ وہ اس وقت وزارت امور کشمیر میں ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے منگل کو اپنے دفتر میں بیٹھ مختلف امور نمٹائے اور انہوں نے چین سے آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات بھی کی۔ چیف سیکرٹری نے عام لوگوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نواز شریف بدھ کو سندھ کے ایک روزہ دورے پر آرہے ہیں توقع کی جارہی ہے کہ ان کے اس دورے میں چیف سیکرٹری سندھ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں