نایاب نسل کے ہرن کے شکار پر گیان چند اسرانی نے نوٹس لے لیا

منگل 10 مارچ 2015 17:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات ‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے ننگرپارکر میں نایاب نسل کے جانوروں کے شکار کی خبروں کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اخبارات میں شائع خبروں کے حوالہ سے محکمہ وائلڈ لائف کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ننگرپارکر میں نایاب نسل کے ہرن اور روجھن قدرت کا بہترین تحفہ ہیں ان کے شکار کے لئے جانے والے شکاریوں کو گرفتار کرکے وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کنزرویٹر وائلڈ لائف جاوید احمد مہر کو ہدایات دیں کہ اگر اب اخبارات میں وائلڈ لائف محکمہ کی غفلت کے بارے میں کوئی خبر شائع ہوئی تو متعلقہ گیم وارڈن اور اس کے عملہ کو معطل کرکے تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی نسل کو معدوم ہونے کے خطرہ سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے اس حوالہ سے متعلقہ این جی اوز بھی اپنا کردار ادا کریں اور حکومتی اہلکاروں کے ساتھ مل کر شکاریوں کی نشاندہی کریں اس طرح ہم سندھ میں وائلڈ لائف سسٹم کو بچانے میں اپنا اپنا حصہ بہتر طور پر ادا کر سکتے ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں