نیپا کے علاقے میں چوری، ڈکیتی اور چھینا چھپٹی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے پولیس چوکی قائم کی جائے، پاسبان

پیر 9 مارچ 2015 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے دن دیہاڑے نیپا چورنگی پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر شہری کو زخمی کرنے اور بآسانی فرار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپا اور اس کے اطراف کا علاقہ چوروں اور ڈکیتوں کیلئے آسان ہدف بن گیا ہے، وارداتوں کی تعداد دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ علاقہ میں ڈکیتوں کا کوئی بڑا گروہ سرگرم ہے۔

ان سے تاجروں کے ایک وفدنے ملاقات کی اور اس موقع پر انہیں بتایا کہ گلستان جوہر کی حدود میں چوری، چھینا چھپٹی اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے تاجروں کیلئے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے میں گھروں اور دکانوں میں چوری اور ڈکیتی کی کئی وارداتیں ہو چکی ہی، چند دن قبل ہی فائیو اسٹار سینٹر ، یونی ورسٹی روڈ پرموبائل فون کی ایک دکان میں ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات ہوچکی ہے جس میں چور دکان کا شٹر توڑ کر سترہ لاکھ روپے مالیت تک کے سینکڑوں موبائل فون اور ہزاروں روپے نقد لے گئے جس کی ایف آئی آر نمبر 140/2015 گلستان جوہر تھانے میں ایس ایچ او اعجاز راجپرنے تاجر عتیق الرحمان کی مدعیت میں کاٹی ہے۔

(جاری ہے)

پاسبان کراچی کے صدر نے کہا کہ چوروں اور ڈکیتوں کو اس علاقے میں وارداتیں کرنے میں اس لئے بھی آسانی رہتی ہے کہ رات کے اوقات میں یہاں پولیس و رینجرز کا گشت اور اسٹریٹ لائٹس کی کمی ہے اوریہ اکثر بند بھی ہوتی ہیں۔شیخ محمد شکیل نے انتظامیہ ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ کالابورڈ تا نیپا چورنگی پولیس اور رینجرز کے گشت میں اضافہ کیا جائے اور یہاں پولیس اور رینجرز کی کی چوکیاں بھی قائم کی جائیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں