لیاری کے لوگوں کو اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں کی بدسلوکی اورلوٹ مار سے بچایا جائے، پاسبان

جمعہ 6 مارچ 2015 16:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) پاسبان کراچی کے سینئر نائب صدر اکرم آگریا اور عابد بلوچ نے کہا ہے کہ لیاری کے تاجروں نے بھتہ خوری کے خلاف احتجاج کرکے حکمرانوں تک یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ لیاری کے لوگ امن اور تحفظ چاہتے ہیں اسلئے لیاری میں امن قائم کرنے کے لئے پولیس اور دیگر سیکوریٹی اہلکاروں کا رویہ عام افراد کے ساتھ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے پاسبان لیاری کے دیگر رہنماؤں اعجاز بلوچ، امجد بلوچ اور اللہ دوست کے ہمراہ پاسبان کے ترجمان محمد ایوب سے پاسبان کراچی مرکزمیں ملاقات میں لیاری کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔امجد بلوچ نے کہا کہ پورے لیاری میں داخلے کے آٹھ اہم مقامات جن میں چاکیواڑہ پٹرول پمپ ، آٹھ چوک ، کے ایم سی ورکشاپ ، چیل چوک برف خانہ ، دھوبی گھاٹ چوک ، میراں ناکہ پل ، لی مارکیٹ تانگہ اسٹینڈ اور بھٹائی ہال تھانہ بغدادی کے پاس پولیس موبائل اور بکتر بند اسنیپ چیکنگ کے دوران عام شہریوں سے بدسلوکی اور لوٹ مار میں مصروف رہتی ہے جس سے نہ صرف عام اور بے گناہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مجروح ہوتا ہے بلکہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بھی بنتا ہے۔

(جاری ہے)

اعجاز بلوچ نے کہا کہ پولیس کی عام اور بے گناہ شہریوں سے بدسلوکی اور لوٹ مار صوبائی و وفاقی حکومتوں اور کراچی انتظامیہ کی شہر میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے ۔پاسبان کے ترجمان محمد ایوب اور پاسبا ن لیاری کے رہنماؤں نے ڈی آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ کیاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ لیاری میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس اہلکار عام اور بے گناہ شہریوں کی عزت نفس مجروح اور شہریوں سے لوٹ مار نہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں