ایک طویل عرصے سے کراچی امن کو ترس رہاہے، جمیل الرب

جمعرات 5 مارچ 2015 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جمیل الرب نے کہاکہ ایک طویل عرصے سے کراچی امن کو ترس رہاہے جس شہر کی روشنیاں اس کی پہچان بنیں چند مٹھی بھر مفادپرستوں کے ٹولے نے شہر سے اسکی پہچان چھین کر تباہی و بربادی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ،ماضی کی مفاہمت کے ہولناک نتائج جانتے ہوئے بھی وفاق نے جس طرح مجرمانہ خاموشی اختیار رکھی ہوئی ہے درحقیقت وہ کراچی کے غریب و مظلوم عوام کو زندہ قبر میں اتارنے کے مترادف ہے،لہذا حکمرانوں نے اگر اب بھی آنکھیں نہ کھولیں کراچی میں شروع ہونیوالی جنگ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیگی۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر ناظم آباد حیدری مارکیٹ کے دوکانداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے ایسا لگارہاہے کہ کراچی میں امن وامان ایک خواب بن چکا ہے عوام برسوں سے اس ایک وعدے کی تکمیل کی راہ تک رہے ہیں لیکن اقتدار کی کرسی جس کو بھی ملی اس نے اپنے ذاتی مفادات کو ہی ترجیح دی اور عوام کے مسائل کے حل سے ہمیشہ آنکھ چراتا رہا، لہذہ اب کراچی میں اس تبدیلی کی اشد ضرورت ہے جو شہر کو اس کا کھویا ہواوقار اور عوام کو ان کی خوشیاں دوبارہ لوٹائے تاکہ غربت سے مرجھائے چہروں کی رونقیں بحال ہوسکیں۔

(جاری ہے)

جمیل الرب نے کہاکہ شہر کو سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشت گردی کی آگ میں جھونکا جارہے شہر میں اب بھی ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور ڈکیتیوں کی وارداتیں بلا خوف و خطر جاری ہیں شب وروز کراچی کی سڑکیں معصوم انسانوں کے خون سے رنگیں جارہی ہیں اور حکومت ہاتھ پے ہاتھ رکھے بیٹھی ہے ،دہشت گردوں کیخلاف شروع ہونیوالے آپریشن میں کوئی بڑی کامیاب تاحال حاصل نہیں ہوئی ہے حکومتی اراکین بھی صرف زبانی جمع خرچ کررہے ہیں عوام کے مسائل و مصائب سے ان کا کوئی تعلق نہیں ۔

جمیل الرب نے مزید کہاکہ مسائل و ناانصافیوں کے کندھن جل جل کر آج کراچی کے عوام دہشت گردی کیخلاف متحد ہوچکے ہیں ،وفاقی اور صوبائی حکمراں اگر کچھ نہیں کرسکتے تو خدارا عوام کے ہاتھ کھول دیں دہشت گردوں میں اتنی جرات نہیں کہ وہ عوام کے انقلاب کاسامنا کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں