مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر کی کراچی کے مختلف علاقوں میں واٹر بورڈ کی طرف سے پانی کی عدم فراہمی کی مذمت

جمعرات 5 مارچ 2015 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کراچی کے مختلف علاقوں میں واٹر بورڈ کی طرف سے پانی کی عدم فراہمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو طبقات میں تقسیم کرنے والے حکمران سندھ دھرتی کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی کے بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کرے گی․ ہمارے نئے منتخب ہونے والے سینیٹر اور اراکین سندھ اسمبلی کراچی کے ہر شہری کو بلاتفریق پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر پارٹی کے گلشن جمال سیکریٹیریٹ میں مسلم لیگ(ن) ضلع غربی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے مسلم لیگ(ن) ضلع غربی کے نائب صدر سمیر بٹ کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں نواز گجر، علی اکبر خان ،چوہدری اقبال، فضل الرحمن آئنگر، حاجی نظر خان آفریدی،حاجی یامین، اشرف اعوان، اکبر بھٹی، محمد اصغر، قیوم اعوان، محمد اسلام ، رضوان خٹک ، صنوبر ستی، شیر عالم خان نے ان سے ملاقات کی ․ مسلم لیگ(ن) ضلع غربی کے وفد کے اراکین نے کراچی ضلع غربی کے اورنگی ٹاؤن ، فرید کالونی، میٹرو ول اور ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی بد ترین قلت اور کراچی واٹر بورڈ کی ٹینکر مافیہ کے ساتھ ملی بھگت کی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع غربی کر اچی کے اکثر علاقوں کے عام شہری پینے کا پانی صو بائی حکمرانوں کی مرضی کے بغیر حاصل نہیں کر سکتے․ علی اکبر گجر نے کہا کہ سب سے زیادہ ریوینیو دینے والے شہر کے متوسط طبقے کے ساتھ امتیازی سلوک کر کے پاکستان کی اقتصادی شہہ رگ کو کاٹنے کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی․ شہر قائد کے رہنے والے مختلف طبقات کے ساتھ امتیازی سلوک نے کراچی کے شہریوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا دیا ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کراچی شہر کے مختلف حصوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے صوبے کی طرح شہر قائد کو بھی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر تقسیم کر کے رکھ دیا ہے․ کراچی کے کچھ حصوں میں واٹر بورڈ کی مہربانیوں کا یہ عالم ہے کے ان علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں بھی صاف پانی سے بھری رہتی ہیں جبکہ شہر قائد کے کچھ علاقوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے․ واٹر بورڈ اور صوبائی محکمہ بلدیات کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے تمام شہریوں کو پینے کے پانی کی وافر مقدار میں بلا ناغہ فراہمی یقینی بنائے لیکن کراچی میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے․ واٹر بورڈ اور صوبائی محکمہ بلدیات کی ملی بھگت سے شہر میں واٹر ٹینکرز کے ذریعے پینے کا پانی مہنگے داموں فروخت کے لئے تو کھلے عام دستیاب ہے لیکن وارثان شہر کے لئے واٹر بورڈ کی لائینیں میدان کربلا کی صورت اختیار کر چکی ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہریوں کے آئینی بنیادی حقوق کے لئے پارٹی کی صوبائی قیادت اپنے نومنتخب سینیٹرز اور اراکین سندھ اسمبلی کے ساتھ مل کر طویل مدتی اقدامات کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ کراچی کے ہر شہری کو تمام بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور اندرون سندھ کے رہنے والوں کو درپیش مسائل کا بھی مستقل بنیادوں پر حل ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں