کراچی کی روشنیاں ہر قیمت پر واپس لائی جائیں گی،رانا محمد حیات خان،

وفاقی حکومت کی مثالی کاوشوں سے ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال پھیلایا جا چکا ہے،رکن قومی اسمبلی کی علی اکبر گجر سے گفتگو

منگل 3 مارچ 2015 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی اور کیبنٹ قائمہ کمیٹی کے چےئرمین رانا محمد حیات خان نے اپنے حالیہ دورہ کراچی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی روشنیاں ہر قیمت پر واپس لائی جائیں گی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی کے امن کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے․ کراچی کے امن کے ساتھ اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کا معاشی مستقبل وابستہ ہے․ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی اولین ترجیح پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں مستقل بنیادوں پرامن کی واپسی اور شہر کی معاشی سرگرمیوں کی بحالی ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی اور کیبنٹ قائمہ کمیٹی کے چےئرمین رانا محمد حیات خان اپنے والد حاجی ملک محمد بوٹا اور ملک رؤف کے ہمراہ کراچی پہنچے تو اےئرپورٹ پر مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر، حاجی محمد اقبال،علی عاشق گجر نے ان کا استقبال کیا․ رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر و دیگر رہنماؤں کے ساتھ تفصیلی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کے ہر حصے میں امن کے قیام کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے خصوصا کراچی کا امن ہماری قیادت کی سب سے اہم ترجیح ہے․ رانا محمد حیات خان نے کہا کہ سندھ کے امن کی مجموعی صورتحال بھی بڑی حد تک غیر تسلی بخش ہے لیکن پاکستان کی معیشت کا بنیادی رکن ہونے کی حیثیت سے کراچی میں امن کا قیام وزیر اعظم پاکستان کے لئے ہر لمحہ اہم رہتا ہے․ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھرپور تعاون کے ساتھ اس بات کی پیشکش بھی کی ہے کہ کراچی کے امن کے لئے ان کی ہر تجویز کو وفاق کی مکمل پشت پناہی حاصل ہوگی․ رانا محمد حیات خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی مثالی کاوشوں سے ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال پھیلایا جا چکا ہے․ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام صوبوں میں توانائی اور شاہراہوں کے سلسلے کے میگا پروجیکٹس کا آغاز ہو چکا ہے․ ہر گذرتے دن کے ساتھ ہماری حکومت پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے کامیاب پیش قدمی کر رہی ہے․ گوادر پورٹ،اورچین کے ساتھ تجارتی راہداری پاکستان کے ساتھ ساتھ ایشیا کا معاشی نقشہ بدلنے کا سبب بنے گی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت آئندہ انتخابات سے پہلے قوم کو روشن پاکستان دے کر اپنے عہد سے سرخرو ہوگی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکریٹیریٹ رانا محمد حیات خان کو سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مجموعی کارکردگی اور سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کی بابت آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں اور رہنماؤں کے ساتھ صوبائی انتظامیہ کے معاندانہ روئیے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے تاریخی مشن کی تکمیل کے لئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے․ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کا جذبہ جمہوری تاریخ کا ایسا باب بن چکا ہے جس کی مثال کہیں دکھائی نہیں دیتی․ رانا محمد حیات خان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اور کارکنوں کی جمہوری جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف بھی سندھ کے کارکنوں کی خدمات کے معترف ہیں اور اس بات کے لئے کوشاں ہیں کہ پنجاب کی طرح سندھ میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) صوبائی حکومت کی تشکیل کے لئے مطلوبہ سیاسی قوت حاصل کرے اور ہم سندھ کے عوام کی خدمت بھی اسی طرح کر سکیں جیسا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کی جا رہی ہے․

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں