کراچی: ایم کیو ایم کے کارکنان کی پریس کانفرنس

پیر 2 مارچ 2015 15:49

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 2 مارچ 2015ء) : ایم کیو ایم کے کارکنان نے پریس کانفرنس کی جس میں ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اور یہ بات انتہائی تشویشناک ہے. 2 روز قبل 2 کارکنان پر کالعد م تنظیموں نے فائرنگ کی لیکن ابھی تک ان کے قاتلوں کا پتہ نہیں لگایا جا سکا.

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے کارکنان کے گھروں پر روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بلا جواز گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جا ری ہے، کراچی میں ہی ٹارگٹ کلنگ کا زور کیوں ہے اور اگر ہے بھی تو کیا ان کا ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ کوئی کاروائی نہ ہونے پر کراچی کی عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے، اب تو ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے ان کے پاس قتل کرنے کا لائسنس ہے اور کوئی ان کو پکڑنے کے لیے آگے نہیں آتا جبکہ گرفتاریوں اور قتل کے لئے ایم کیو ایم کے کارکنان ہی رہ گئے ہیں جس پر ملک کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں خاموش ہیں کوئی اس کا نوٹس لینے کو تیار نہیں ہے جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہزاروں کارکنان کو قتل کیا جا چکا ہے اور ہم لبرل جماعت ہونے کی حیثیت سے پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں اور قیمت بھی چکا چکے ہیں.

اب اس کا ایک ہی حل ہے کہ محلوں میں بزرگان اور معمر حضرات کی ٹیم تشکیل دی جائے اور ازخود چندہ اکٹھا کر کے محلے کی سطح پر کیمرے لگوائے جائیں تا کہ وہاں سے گزرنے والے ہر شخص کی خبر رکھی جائے کیونکہ جس طرح مخصوص مکتب فکر اور پروفیشنلز کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے لگتا ہے کہ دہشتگرد حکمرانوں کو دکھائی ہی نہیں دیتے. ان کے خلاف کوئی کریک ڈاؤن دیکھنے کو نہیں ملتا نہ ہی ان کی گرفتاریوں عمل میں لائی جاتی ہیں.

ان کے بارے میں پولیس، ادارے ، سیاسی جماعتیں سب لوگ جانتے ہیں لیکن پھر بھی کراچی کے عوام شہر میں امن کے نفاذ کے منتظر ہیں. انہوں نے کہا کہ کراچی میں وزیر اعظم اور آرمی چیف بھی تشریف لائے لیکن تاحال ٹارگٹ کلرز اور دہشتگردوں کے خلاف کوئی خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے. انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم ، گورنر سندھ، وزیر اعلی سندھ، پولیس اور آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا اس صورتحال پر غور کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے اور 2 دنوں میں ایم کیو ایم کے قتل کیے جانے والے کارکنوں عمران عباس رضوی، ثاقب، سلیم اصغر اور علی حیدر رضوی کے قاتلوں کو پکڑ کر سخت سزائیں دی جائیں انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ ان کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے.

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں