صوبائی حکومت کا مافیا طرز جماعت سے گٹھ جوڑ عوام دشمنی کے مترادف ہے ۔جمیل الرب،

سینٹ الیکشن میں ایسے امیدواروں کومنظر عام پر لایا جارہاہے جن کا پارٹی سے دور تک واسطہ نہیں

ہفتہ 28 فروری 2015 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جمیل الرب نے کہاکہ کراچی کی بدنام زمانہ مافیا طرز جماعت کی اصل حقیقت جانتے ہوئے ملکی نظام کا حصہ بنانے پر عوام سخت تشویش میں مبتلا ہیں ایک جانب صوبائی حکومت عوام اور ملک دشمن عناصر کیخلاف جنگ کا اعلان کرتی ہے تو دوسری جانب ان کی عزت افزائی کی جاتی ہے مفاہمت کی آڑ میں دہشت گردوں کو نوازنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے قوم کی آنکھوں پر پٹی نہیں ،اگر عوام کو محض ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے پھر گھناؤنی سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا تویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر حسن اسکوئر سیوک سینٹر سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت حقائق جانتے ہوئے بھی مافیا طرز جماعت کی منت سماجت اور ان کے درپے ماتھا ٹیک رہی ہے جس سے عوام پر سندھ حکومت اور دہشت گرد جماعت کے عزائم واضع ہوچکے ہیں صوبائی حکمرانوں نے ثابت کردیا ہے کہ انھیں صرف اقتدار پیارا ہے عوام نہیں ،دونوں جماعتیں عوام سے کبھی مخلص تھیں نہ ہونگی ،صوبائی حکومت کا مافیا طرز جماعت سے گٹھ جوڑ عوام دشمنی کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

جمیل الرب نے کہاکہ مافیا طرز جماعت میں افرادی قوت کی کمی سے نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ سینٹ الیکشن میں ایسے امیدواروں کو منظر عام پر لایا جارہاہے جن کا پارٹی سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں یعنی کھوکھلے مینڈیٹ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،مافیا جماعت عوام پر اپنی مرضی مسلط کرنا چھوڑ دے ورنہ عنقریب کڑا احتساب لیا جائے گا ۔جمیل الرب نے مزید کہاکہ مہاجر قومی موومنٹ مطالبہ کرتی ہے کہ وفاق جمہوریت پر شب خون مارنے اور ملک کے آئین و قانون سے کھیلنے والوں کو ملکی معاملات سے دور رکھے اور قومی مفادات کی خاطر مصلحتوں کو بالائے تاک رکھا جائے کیونکہ ملک کی تعمیر و ترقی کامیاب جمہوری نظام میں ہی پنہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں