آرمی چیف کے سرحدوں کے بروقت دورے سے فوج، قوم کا مورال بلند ہوا ،بھارت کو پسندیدہ ریاست،و زمینی راستہ دیا گیا تو ملک بھر میں آگ بھڑک اٹھے گی،آبی و عسکری دہشت گرد کے خاتمہ تک تجارتی و ثقافتی تعلقات معطل کئے جائیں،بھارت کی مسلسل جارحیت پر ملک بھر کی تاجر تنظیموں کی خاموشی افسوسناک ہے

پاکستان اکانومی واچ کے صدر مرتضیٰ مغل کابیان

ہفتہ 28 فروری 2015 14:28

کراچی ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015 ) پاکستان اکانومی واچ کے صدر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے بھارت ہمارے صبر کا امتحان نہ لے۔ساری قوم متحد اور سپہ سالار جنرل راحیل کی کال پر لبیک کہنے کو تیار ہے۔جنرل راحیل کے سرحدوں کے دورے سے فون کا مورال بلند ہوا۔بنیا ایک ہی وقت میں تجارت اور دہشت گردی دونوں کا فروغ چاہتا ہے مگر اسکے مزموم ارادے ناکام ہونگے۔

بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے جسے بچانے کیلئے سرحدوں پر کشیدہ صورتحال پیدا کی گئی ہے۔نا پسندیدہ ریاست کا درجہ اور زمینی راستہ دیا گیا تو ملک کے ہر گلی کوچے میں آگ بھڑک اٹھے گی۔اشتعال انگیزی کے خاتمہ تک بھارت سے تجارت معطل کی جائے۔ مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی مسلسل جارحیت پر بعض سیاستدانوں اورملک بھر کی بڑی تاجر تنظیموں کی خاموشی افسوسناک اور حب الوطنی کے تقاضوں کے خلاف ہے جس سے وہ بے نقاب ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی تاجر رہنما،ایف پی سی سی آئی ، سارک چیمبر اور دیگر درجنوں تنظیموں کے لیڈر بھارتی آلہ کار ہونے کا تاثر ختم کریں۔ معمولی منافع کوملکی مفادات پر ترجیح دینا غداری کے زمرے میں آتا ہے۔ بھارت نے پاکستان کے قیام کو کبھی قبول نہیں کیا ہماری سلامتی اور استحکام کو تباہ کرنے اور دہشت گردوں کو بچانے کیلئے اس وقت چار محاز کھول رکھے ہیں اسلئے پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات لا حاصل ہو گی۔

بھارت خوش فہمی میں نہ رہے پاکستان دشمن کا منہ توڑ جواب رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ مودی سرکار نہ بھولے کہ ہم نے میزائل اور بم نمائش کیلئے نہیں بنائے۔پاک فوج ایک وقت میں دو محازوں پر لڑنے اور دشمن کے طاقت کا زعم توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔جنگ سے مسائل کم نہیں بڑھتے ہیں۔امریکی صدر کے دورے کے بعد بھارتی جارحیت بڑھ گئی ہے مگر اسے معلوم نہیں کہ امن تباہ کرنے کے راستے پر چلتے ہوئے خود تباہ ہو سکتا ہے۔وزارت خارجہ دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کیلئے متحرک ہو جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں