کراچی ،ڈاکو نے اکیلے ہی بینک کا صفایا کرڈالا،

واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس

جمعہ 27 فروری 2015 23:14

کراچی ،ڈاکو نے اکیلے ہی بینک کا صفایا کرڈالا،

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) کراچی کے علاقے بفرزون میں ڈکیتی کا انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں تن تنہا ڈاکو دن دیہاڑے مزاحیہ فلم کی طرز پر بینک سے 6 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا اور سب منہ دیکھتے رہ گئے۔میڈیا پر جاری ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سخی حسن کے قریب دوپہر کے اوقات میں شلوار قمیض میں ملبوس شخص ہاتھ میں تھیلا لیے بینک میں داخل ہوا اور کیش کاؤنٹر کی لائن میں لگ گیا جہاں اس کا نمبر آتے ہی اس نے تھیلے میں موجود پستول اور دستی بم نکال لیا اور بینک کے عملے کو دھمکیاں دیں جس پر بینک کے گارڈ سمیت تمام عملہ پیچھے ہٹ گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکو نے نقدی لوٹنے کے لیے کاؤنٹر پر لگا شیشہ توڑنے کی کوشش کی لیکن اس سے شیشہ نہ ٹوٹا تو اس نے کاؤنٹر پر چڑھ کر شیشہ اکھاڑ پھینکا جس کے گرنے سے ڈاکو خود بھی گھبرا گیا تاہم اس نے کاؤنٹر سے پھلانگ کر انتہائی جلد بازی میں نقدی رقم اپنے تھیلے میں بھری اور دیکھتے ہی دیکھتے 6 لاکھ کی رقم اٹھا کر چلتا بنا جب کہ اس موقع پر موجود مسلح گارڈ اور بینک عملہ ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہ گئے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ ڈاکو دوران کارروائی اپنا رومال بھی بینک میں چھوڑ گیا جس سے اسے پکڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں