برسوں سے قائم پرامن دینی اداروں پر بلاجواز چڑھائی انتہائی اشتعال انگیز ہے ،جے یوآئی،

احتجاجی مظاہرے سے قاری عبدالمنان انور نقشبندی، حافظ احمدعلی ، مفتی محمدحماداللہ مدنی، قاری عبدالحئی شیخ ودیگر کاخطاب

جمعہ 27 فروری 2015 20:47

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء)جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیرالحاج قاری عبدالمنان انور نقشبندی، صوبائی جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی ،صوبائی ناظم مفتی محمدحماداللہ مدنی، قاری عبدالحئی شیخ، مولاناپیر لیاقت شاہ،مولاناغلام مصطفےٰ فاروقی، علامہ احمدعلی مدنی،قاری عبدالحئی شیخ، مولانامشتاق عباسی، خواجہ احمدالرحمٰن یارخان، مولانااقبال اللہ، مولاناحضرت ولی ہزاروی، مولانایوسف ہزاروی، مولاناعبدالرحمٰن جلالی، مولاناآفاق عصری، قاری سیف الرحمٰن نے لانڈھی داؤدچورنگی پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مملکت خدادادپاکستان کے قیام میں دینی مدارس کاکردارناقابل فراموش ہے، اگراس وقت کے علماء اور مدارس عوام میں شعوراور آگہی پیدانہ کرتے تو پاکستان کا قیام ناممکن تھا،ہر دہشتگردی کے پیچھے بیرونی ہاتھ کے ثبوت ملنے کے باوجودحکومت کی جانب سے دہشتگردی کا تمام تر ملبہ ان مدارس پر ڈال دیناحکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی اور کوتاہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ برسوں سے قائم پرامن دینی اداروں پر بلاجواز چڑھائی انتہائی اشتعال انگیز ہے ،اہلکار مسجد اور مدرسے کے تقدس کو بھی ملحوظ نہیں رکھ رہے جس سے مذہبی حلقوں میں اشتعال پھیل رہا ہے جوحکومتی اداروں کے ساتھ کسی بڑے تصادم کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اکیسویں ترمیم دینی طبقے کو دبانے کی بدترین سازش ہے، جو دنیامیں اسلام کے پھیلاؤ سے خوفزدہ عالمی استعمار کی سازش ہے ، انہوں نے کہاکہ دینی مدارس میں پڑھنے والے طلباء انتہائی بے ضرراور پرامن ہیں لیکن حکومت ان معصوم بچوں سے نجانے کیوں خوفزدہ ہے، بیرونی سازش کے تحت ملک میں دینی مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے، اس سلسلے میں سندھ میں بے شمار مدارس کو بند کردیاگیاہے جبکہ دہشتگرد دندناتے پھررہے ہیں، معصوم اور بے گناہ لوگوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنارہے ہیں، خود ہمارے بے شمار علماء کرام کو قتل کردیاگیاہے جن کے قاتلوں کو پکڑنے میں حکومتی ادارے اب تک ناکام ہیں ،ہم مستقل پرامن احتجاج کرتے آرہے ہیں، لیکن حکومت کو ہماری امن پسندی شاید پسند نہیں ، مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے ہمیں سخت ترین اقدام پر مجبورکیاجارہاہے، حکومت فوری طورپر مدارس کے خلاف ایکشن بند کرے اور بند مدارس کو فوراًکھولے تاکہ طلباء کی تدریس کا سلسلہ جاری رہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں