پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ سیریز بھی 2-0سے جیت لی

جمعہ 27 فروری 2015 20:47

پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ سیریز بھی 2-0سے جیت لی

کراچی ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے مہمان افغانستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کو انٹر نیشنل ڈس ایبلیٹی کرکٹ سیریز میں باآسانی 9وکٹوں سے شکست دیکر دوسرا ون ڈے میچ جیت کر 2-0سے سیریز بھی اپنے نام کرلی ۔ پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان حسنین عالم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ افغانستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم 39.5اوورز میں 156رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نبی اللہ نبی نے 43گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 32رنز بنائے جس میں 4چوکے شامل تھے ، حسیب اللہ نے 24اور خانذادہ نے 21رنز کا اضافہ کیا ، لیفٹ آرم میڈم پیسر عبداللہ خان نے 22رنز کے عوض 3وکٹوں حاصل کی جبکہ محمد امیر نے 22رنز کے عوض 2وکٹیں حاصل کی۔ جواب میں پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف مطلوب قریشی کی وکٹ کھوکر 27.4اوورز میں حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

عارف رچڑڈ نے ایک مرتبہ پھر نصف سینچری بنانے کا تسلسل قائم کرتے ہوئے 95گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نا قابل شکست 78رنزبنائے جس میں 9چوکے شامل تھے، راؤ جاوید نے 59گیندوں کا سامنا کیا اور 8چوکوں کی مدد سے 57رنز ناٹ آؤٹ بنائے ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 138رنز کی ناقابل شکست شراکت رہی۔ مذکورہ میچ کو امپائر شمیم انصاری اور اکبر خان نے سپروائز کیا ، میچ ریفری علی گوہر جبکہ آفیشل اسکورر سلمان کاظمی تھے۔

تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی مشیر برائے چیئرمین PCBاور سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد صلو تھے انہوں نے وننگ ٹرافی فاتح ٹیم کے کپتان حسنین عالم کو پیش کی ، PDCAکے صدر سلیم کریم نے ٹیسٹ امپائر ریاض الدین ، کوآرڈینٹرز صبیح اظہر ، اسلم برائیچ اور مہمان خصوصی صلاح الدین احمد کو پیش کی ، KCCAکے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے مہمان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے سندھ کا روایتی تحفہ اجراک پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صلاح الدین احمد صلو نے پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کا زبردست خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں ڈس ایبلڈ کرکٹ اپنا عروج پائے گی ۔انہوں نے خصوصاً سلیم کریم ، امیر الدین انصاری اور محمد نظام کو سلا م تحسین پیش کیا جنہوں نے 8سال کی مسلسل جدوجہد کے بعد ڈس ایبلڈ کرکٹ کو اس مقام پر پہنچایا ۔

صلاح الدین احمد صلو نے یقین دلایا کہ PCBاس سفر میں PDCAکے ساتھ ہے ، آباد کے ریجنل ہیڈ حسن بخشی نے دونوں ٹیموں کے کھیل کی تعارف کی اور کہا کہ جس طرح یہ کھیل دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کررہا ہے تو وہ وقت دور نہیں جب ڈس ایبلڈ کرکٹ کا بھی ورلڈ کپ کا اسٹیج سجے گا جس کا تمام تر سہرا PDCAکو جاتا ہے ، حسن بخشی نے یقین دلایا کہ ہمیشہ کی طرح آباد PDCAکے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے اسپانسراداروں کو مخاتب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ ڈس ایبلڈ کرکٹ کے فروغ کیلئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں،افغان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر عبدالمننان نے پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا خصوصی تذکرہ کیا اور پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کو جوابی دورے کی دعوت دی ، اور کہا کہ اس سیریز سے ہماری کھلاریوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے اور ہم خوش گوار یادیں لیکر یہاں سے روانہ ہورہے ہیں ۔

اس موقع پر PDCAکے صدر سلیم کریم ، سیکریٹری امیرالدین انصاری ، جوائنٹ سیکریٹری محمد نظام ، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی صدر KCCA، شفیق کاظمی سیکریٹری KCCAاور سید منیر علی قادری افسر رابطہ افغانستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم بھی موجود تھے۔ افغانستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم ہفتہ کوعلی الصبح اپنے وطن واپس روانہ ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں