پاک بحریہ نے چھٹی مرتبہ کثیر الملکی کمبائنڈٹاسک فورس1 15کی کمانڈ سنبھال لی

جمعہ 27 فروری 2015 18:45

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) پاک بحریہ نے چھٹی مرتبہ کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-کی کمانڈ سنبھال لی ۔ ٹاسک فورس کی کمانڈ کوبحرین میں ہونے والی ایک پُروقار تقریب کے دوران پاک بحریہ کے حوالے کیا گیا۔تقریب میں تھائی لینڈ بحریہ کے ایڈمرل پیکورن وانچ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-کی کمانڈ پاک بحریہ کے کموڈور آصف حمید صدیقی کے سپرد کی۔

کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-، کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی زیر نگرانی صومالیہ کے ساحل اور قرنِ افریقہ میں اِنسدادِ بحری قزاقی آپریشنز کی ذِمہ دارہے۔کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل جون ڈبلیومِلر تبدیلی کمانڈ کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر ٹاسک فورس 151-پاک بحریہ کے کموڈور آصف حمیدصدیقی نے کہا کہ ہم غیر یقینی اور غیر متوقع صورتحال سے گزر رہے ہیں اور بین الاقوامی سمندری پانیوں میں سفر کرنے والوں کو مختلف نوعیت کے خطرات کا سا منا ہے۔

(جاری ہے)

بحری قزاقی کا خطرہ اگرچہ پہلے سے کم ہوا ہے لیکن یہ ابھی بھی بہت سے خطرات کو جنم دیتی ہے جو توانائی، سیکیورٹی، آمدورفت کی آزادی اور بین الاقوامی اِستحکام پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کوئی قوم تنہا اِس لعنت سے چھٹکارا نہیں پاسکتی کیونکہ بحری قزاقی ایک مشترکہ مسئلہ ہے اور اِس سے نمٹنے کیلیئے مربوُط اور جامع بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ'' اپنی کمانڈ کے دوران میں، کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تعاون سے بحری قزاقی کے مقابلے اور روک تھام کا سلسلہ جاری رکھوں گا''۔کمبائنڈ میری ٹائم فورس تیس قوموں کی بین القومی بحری قوت ہے جِس کے بنیادی فرائض میں2.5ملین مربع میل پر محیط بین الاقوامی سمندروں کی حفاظت، استحکام اور خوشحالی ہے، جو کہ دُنیا کی سب سے اہم بحری گزرگاہیں ہیں۔

اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کے تناظر میں 2009میں بحری قزاقی کے خاتمے کے لئے پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس151-میں شِرکت کی اور تب سے بحری قزاقی سے نمٹنے کے لیے اِس ٹاسک فورس کا ایک اہم حِصہ ہے۔ چھٹی مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس151-کی کمانڈ حاصل کرنا پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ قابلیتوں کا مُنہ بولتا ثبوُت ہے اور خِطے میں میری ٹائم ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر بھی ہے۔بحرین میں امریکی سفیر ، تھائی لینڈ کے سفیر، EURONAVFOR 465کے کمانڈر سمیت پاکستان اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں، عسکری اور سویلین شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شِرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں