لاوٴڈاسپیکرپردُرودشریف اور نمازجمعہ میں دُرودوسلام پڑھنے پرحکومتی پابندی کو پولیس نے مال کمانے کا ذریعہ بنالیاہے،نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرحاجی محمد حنیف طیب

جمعرات 26 فروری 2015 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرحاجی محمد حنیف طیب نے سند ھ کے دورے پر تشریف لائے ہوئے ممتازروحانی پیشواپیرحافظ محمدنقیب الرحمن نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف سے ملاقات کی اور کہاکہ لاوٴڈاسپیکرپردُرودشریف اور نمازجمعہ میں دُرودوسلام پڑھنے پرحکومتی پابندی کو پولیس نے مال کمانے کا ذریعہ بنالیاہے۔

بڑھتی دہشت گردی اور فرقہ واریت کی روک تھام کے نام پر لاوٴاسپیکر ایکٹ کا ناجائز استعمال پولیس اور حکومت کیخلاف نفرت میں اضافے کا باعث بن رہاہے کیونکہ اس ترمیم کے ذریعے اہل سنت علماء اور عوام کو زمین سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، اندرون سندھ اور کراچی سمیت کئی شہروں میں لاوٴڈاسپیکر کے نام پر سینکڑوں اہل سنت علماء ،ائمہ کو گرفتارکرکے جیل بھیج دیا گیاجوکہ سراسرظلم ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کو چاہیے کہ امن وامان کے قیام کیلئے سیاسی ومذہبی قائدین سے ملاقاتیں کرکے ایسا لائحہ عمل تشکیل دے جس سے عوام میں پھیلی بے چینی اور کرب کا فوری کاخاتمہ ہوسکے۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ لاوٴڈاسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے نام پرگرفتار اہل سنت علماء کرام پر درج مقدمات ختم کرکے انہیں فی الفور رہاکیاجائے۔اس موقع پر پیر حافظ محمد نقیب الرحمن نقشبندی نے کہاکہ اتنا شعورتو حکمرانوں میں ہونا چاہئے کہ دُرودوسلام پڑھنے والے معاشرے میں امن ومحبت کی خوشبوپھیلارہے ہیں، حکومت کو یہ بھی سمجھنا چاہئے کہ دُرودپڑھنے والے امن وبھائی چارے کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ بارودکی بُوپھیلانے والے معاشرے میں قتل وغارتگری کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں نے یکم مارچ بروزاتوار صبح 11:00بجے ناصرہ اسکول سولجر بازارکے پاس عظیم الشان تحفظ ناموس رسالت کانفرنس بلائی ہے اور میں تمام علماء ومشائخ اور شمع رسالت کے پروانوں کو اس میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ حاجی محمد حنیف طیب نے اس کانفرنس کے انعقادکا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی بھرپورکامیابی کیلئے جدوجہد کرنے کا عہد کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں