لیاری کے لاپتہ کئے گئے نوجوانوں کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے،پاسبان

جمعرات 26 فروری 2015 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) پاسبان کراچی کے سینئر نائب صدر اکر م آگریا،عابد بلوچ ،ڈپٹی سیکریٹری امجد بلوچ اور لیاری ٹاؤن کے صدر اعجاز بلوچ نے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ سندھ ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لیاری کے لاپتہ کئے گئے نوجوانوں کی بازیابی کو یقینی بنائے اور تمام ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ لیاری کے بے گناہ نوجوانوں کو پکڑ کر لاپتہ کرنے کا سلسلہ بند کریں اور کم از کم ان کے والدین کو ضرور آگاہ کیا جائے کہ نوجوانوں کو پکڑنے والی ایجنسیاں کہاں کی ہیں اور ان کے بچوں کو پکڑ کر کہا ں لے جایا جارہا ہے ۔

وہ پاسبان لیاری ٹاؤن کے دفتر میں آئے ہوئے لاپتہ نوجوانوں کے والدین اور علاقہ مکینوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاسبان لیاری ٹاؤن کے سینئر رہنما محمدامین تاجک، امداد بلوچ ، زاہد پنجابی ، زمان میانوالی ، اللہ دوست اور سکندر بلوچ بھی موجود تھے ۔ لیاری کے لاپتہ کئے گئے نوجوانوں کے والدین نے پاسبان رہنماؤں کو بتایا کہ لیاری کے علاقے کلری احمد شاہ بخاری روڈ سے انگارہ مسجد روڈ کے رہائشی شہباز ولد محمد اسحاق اور نظام محی الدین ولد غلام محمد(مرحوم) کو 2فروری کو رینجرز اہلکار گھر سے اٹھاکر لے گئے تھے اور اب تک ان کے بارے میں ہم والدین کو کچھ نہیں بتایا جارہا جس کی وجہ سے ہم اپنے بچوں کی تلاش میں دربدر مختلف اداروں میں سر گرداں اور بہت پریشان ہیں۔

پاسبان رہنماؤں نے لاپتہ کئے گئے نوجوانوں شہباز اور نظام محی الدین کے والدین اور علاقہ مکینوں کے وفد کو یقین دلایا کہ پاسبان لیاری کے لاپتہ کئے گئے بے گناہ نوجوانوں کی بازیابی کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں