لینڈ مافیا کو اسکول کے پلے گراؤنڈ سے جلد ازجلد بے دخل کیا جائے ،وائے ایم سی اے سیکنڈری اسکول کے پرنسپل کی گورنرسندھ،وزیراعلیٰ اور دیگرسے اپیل

جمعرات 26 فروری 2015 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) ینگ مینز کرسچن ایسوی ایشن (وائے ایم سی اے )سیکنڈری اسکول کے پرنسپل مشتاق مسیح نے گورنر سندھ ،وزیر تعلیم، کورکمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اورکمشنر کراچی سے اپیل کی ہے کہ لینڈ مافیا کو اسکول کے پلے گراؤنڈ سے جلد ازجلد بے دخل کیا جائے اور کاروائی روکوانیوالے اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ اسکول کی سیکورٹی کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جاسکے ۔

یہ مطالبہ انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دیوس ، عارف،ولیم سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔مشتاق مسیح نے کہا کہ 13 جنوری کو سندھ ہائی کورٹ کے آرڈر کے مطابق واے ایم سی اے میں بھی ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کی گئی تھی اور کیٹرنگ والی گاڑیوں کا داخلہ بھی ممنوع قراردیا گیا جبکہ غیر قانونی طوپر بنائے گئے کچن اور غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کا حکم جاری کردیا گیا تھا جس کے بعد گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کمشنر کر اچی کو حکم دیا تھا کہ کاروائی عمل میں لائی جائے جس کے نتیجے میں وائے ایم سی کے بہت سے حصوں کو قبضے سے خالی کرالیاگیا تھا انہوں نے الزام عائد کیا کہ43 رو ز گز رجانے کے باوجود ہمارے مسلسل تقاضا کرنے کے باوجود نہ تو قنات ہٹائی گئی ہیں اور نہ ہی سامان باہر منتقل کیا گیا ہے جبکہ چند روز قبل منہدم کی گئی دیوار کو دوبارہ تعمیر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ وائے ایم سی اے ہاسٹل پر قبضہ کیو جہ سے وقار حسین اور اسکے ساتھیوں کے خلاف دو ایف آئی آر درج ہیں لیکن وقار حسین کے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اس نے وائے ایم سی اے میں زبردستی داخل ہوکر اس نے پرنسپل اور اسٹاف پر دباؤ ڈال کر وائے ایم سی اے کی املاک اور ہاسٹل پر دوبارہ قبضہ کی کوشش کی ۔ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرانے کی کوشش کی جارہی ہے اور کوئی بھی واقعہ پیش آسکتا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول کا پلے گراؤنڈ جو ابھی تک قبضہ مافیا کی تحویل میں ہے اس ہمارے حوالے کیا جائے تاکہ اسکول کے بچے اپنی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی آزادانہ جاری رکھ سکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں