پھانسی کی سزا کے منتظر قیدی فیصل کے اہل خانہ نے سزا پر عمل رکوانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

جمعرات 26 فروری 2015 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) پھانسی کی سزا کے منتظر قیدی فیصل کے اہل خانہ نے سزا پر عمل رکوانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں فیصل کے اہل خانہ نے درخواست دائر کی ہے کہ مقتول عبدالجبار کے اہل خانہ نے محمد فیصل اور محمد افضال کو معاف کردیا ہے جبکہ ان کو معاوضہ بھی دیا جاچکا ہے لہذا فیصل اور افضال کے خلاف پانچ مارچ کے لیے جاری کیے گئے بلیک وارنٹ کو معطل کیا جائے واضح رہے کہ23فروری کو انسدا دہشت گردی کی عدالت نمبر چار نے شہری عبدالجبار کو دوران ڈکیتی قتل کرنے کے مقدمہ میں سزائے موت پانے والے دو مجرموں محمد افضال اور فیصل کے بلیک وارنٹ جاری کرتے ہوئے جیل سپریٹنڈنٹ سینٹرل کو ہدایت کی ہے کہ مجرموں کی پھانسی سے قبل ان اہلخانہ سے آخری ملاقات کرائی جائے اور مجرموں کے طبی معائنہ کے بعد مجسٹریٹ اور ڈاکٹر کی موجودگی میں 5مارچ 2015کی صبح پھانسی دی جائے۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق مجرموں محمد افضال اور فیصل نے 1998 میں کورنگی تھانے کی حدود میں دوران ڈکیتی عبدالجبار کو قتل کیا تھا جبکہ مقدمہ کے دوران ان کا ساتھی کاشف جاں بحق ہوگیا تھا ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 23جولائی 1999کو سزائے موت سنائی گئی تھی جس کے بعد ملزمان کی ہائی کورٹ سپریم کورٹ اور صدر مملکت سے ان اپیلیں بھی مسترد کردی گئیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں