این آئی ٹی نے مالی سال 2014-15 کی پہلی ششماہی کے نتائج کا اعلان کردیا

جمعرات 26 فروری 2015 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء)نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ نے اپنے زیر انتظام فنڈز کے ششماہی نتائج کا اعلان کردیا ہے ۔ این آئی ٹی کے زیر انتظام اثاثہ جات 31 دسمبر 2014 کو 17 فیصد اضافہ کے ساتھ بڑھ کر 96 ارب روپے ہوگئے ہیں جو 30 جون 2014 ء کو 82 ارب روپے تھے۔ اِس طرح میوچل فنڈز مارکیٹ میں این آئی ٹی نے اپنی نیابت برقرار رکھی۔زیرِ جائزہ مدّت کے دوران این آئی ٹی کے تمام فنڈز کی پیشوائی کرنے والے فنڈ این آئی( یو) ٹی کے اثاثہ جات 31 دسمبر 2014 کو 21.6 فیصد اضافہ کے ساتھ 73 ارب روپے ہوگئے جبکہ 30 جون 2014ء کو یہ اثاثہ جات60 ارب روپے تھے۔

فنڈ کی خالص اثاثہٴ قدر (NAV) 31 دسمبر 2014ء کو 66.03 روپے ہوگئی جو (زیرِ نظر مدّت میں)16.68 فیصد منافع بنتا ہے جبکہ اس دوران بینچ مارک KSE-100 کا منافع 8.32 فیصد رہا۔

(جاری ہے)

اس طرح این آئی (یو) ٹی نے بینچ مارک کے مقابلہ میں 8.36 فیصد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شرح ِسود میں کمی کی بدولت این آئی ٹی کے زیر انتظام انکم فنڈز کی کارکردگی بھی بہتر رہی۔ این آئی ٹی ۔

گورنمنٹ بونڈ فنڈ(NIT-GBF) کے اثاثہ جات 31 دسمبر 2014 ء کو 88 فیصد اضافہ کے ساتھ 7.9 ارب روپے رہے جبکہ 30 جون 2014ء کو یہ اثاثہ جات4.2 ارب روپے تھے۔ این آئی ٹی گورنمنٹ بانڈفنڈ (GBF)کا سالانہ ریٹرن 15.32 فیصد رہا۔ فنڈ نے بینچ مارک کے مقابلہ میں 6.25 فیصد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔این آئی ٹی کے زیر انتظام این آئی ٹی انکم فنڈ(NIT-IF)کے اثاثہ جات 31 دسمبر 2014ء کو 9 فیصد اضافہ کے ساتھ 3.6 ارب روپے رہے جبکہ 30 جون 2014ء کو یہ3.3 ارب روپے تھے۔

این آئی ٹی انکم فنڈ(NIT-IF )کا منافع 15.92 فیصد رہا اور فنڈ نے بینچ مارک کے مقابلہ میں 5.87 فیصد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز میں طویل المدّتی سرمایہ کاری اور شرحِ سود میں کمی کی وجہ سے فنڈز کی کارکردگی نمایاں رہی۔ این آئی ٹی ۔ انکم فنڈ(NIT-IF) کی دیگر ضمنیات میں بھی بہتری ہوئی جس سے فنڈ کی مجموعی کریڈٹ کوالٹی پر مثبت اثر پڑا اور وہ بہتر ہوئی۔

این آئی ٹی کے زیرِ انتظام دیگر ایکویٹی فنڈز میں این آئی ٹی اسٹیٹ انٹرپرائز فنڈ(NIT-SEF) کا سالانہ منافع منفی( -4.21 فیصد ) رہا۔این آئی ٹی مارکیٹ اَپرچیونٹی فنڈ(NIT-EMOF)کا منافع 7.18 فیصد رہا۔این آئی ٹی کے زیرِ انتظام فنڈز نے اپنے بینچ مارکس کے مقابلہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ این آئی ٹی میوچل فنڈز کے مارکیٹ لیڈر کی حیثیت سے کیپیٹل مارکیٹ کی توسیع کے لیے کوشاں ہے اور اس کے لیے اپنے فنڈز میں بھی جلد ہی اضافہ کرے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں