تاجر و صنعتکار تیاریاں شروع کر دیں، 2017 تک ملکی معاشی حالات بہتر ہو جائینگے‘ وزیر تجارت خرم دستگیر

جمعرات 26 فروری 2015 17:34

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیرخان نے کہاہے کہ 2017ء تک ملکی معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے، مستقبل کے تجارتی معاہدات میں تحقیق، شفافیت اور ملکی مفاد کو مد نظر رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے فیڈریشن ہاؤس کراچی کے دورے کے موقع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2017ء کے موسم بہار تک ملک میں توانائی بحران پر خاطر خواہ پیش رفت ہو چکی ہوگی اور دہشت گردی کی صورتحال بھی وہ نہ ہوگی جو آج ہے کیونکہ حکومت نے اسے ختم کرنے کا تہیہ کر لیا ہے۔

اس لئے دو سالوں میں معاشی حالات میں جو بہتری آنی ہے اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے تاجر اور صنعت کار آج سے تیاریاں شروع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی ایک بڑی تعداد پاکستان کی صلاحیت دیکھنے آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

معاشی خوشحالی میں چین پاکستان اکانومک کوریڈور کو خرم دستگیر نے خصوصی اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں دس ہزار پانچ سو میگا واٹ بجلی کا منصوبہ بھی شامل ہے جس کا فنانشل کلوز مارچ میں ہو جائے گا۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اکانومک کوریڈور ملک کی تمام اکائیوں کو ایک نقطہ پر جمع کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات بہتر ہونگے تو تجارت بہتر ہوگی ۔ وفاقی وزیر نے تاجروں اور صنعتکاروں کو سرمایہ کاری کے لئے تیاری شروع کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ مستقبل کے تجارتی معاہدات میں تحقیق، شفافیت اور ملکی مفاد کو مد نظر رکھا جائے گا،پاک ترکی آزاد تجارتی معاہدے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے اور تمام سیکٹروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے حتمی معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پاکستان ترکی ایک دوسرے کیلئے اپنی منڈیوں تک برابر رسائی فراہم کریں۔انھوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں مینوفیکچرنگ کا تحفظ اونچے ٹیرف سے نہیں بلکہ تجارتی دفاع کے قوانین کے ذریعے کیا جا رہا ہے ۔دنیا کے تمام ممالک تجار ت میں اضافے کیلئے ٹیرف میں تیزی سے کمی لا رہے ہیں، اس معاہدے کے ذریعے پاکستان سے ٹیکسٹائل ،زرعی اجناس اور ڈیری اور لائیو سٹاک کی برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں