میاں محمد نواز شریف اگلی ٹرم کے لئے بھی انشا اللہ پاکستان کے وزیر اعظم ہونگے،علی اکبر گجر

جمعرات 26 فروری 2015 16:56

کراچی(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) میاں محمد نواز شریف اگلی ٹرم کے لئے بھی انشا اللہ پاکستان کے وزیر اعظم ہونگے․تحریک انصاف کی ناپختہ سیاست ہی ان کے سیاسی خاتمے کا سبب بننے جا رہی ہے․ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی منتخب عوامی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر کے آئندہ مدت کے لئے بھی عوام کے اعتماد کو ووٹ حاصل کرے گی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے جانے کے خواب دیکھنے والے اپنے سیاسی مستقبل کی فکر کریں․ نومولود سیاسی جماعت کے اقتدار تک پہنچنے کی خواہش بہت جلد باب خیبر کی چوکھٹ پر دم توڑنے والی ہے․ تحر یک انصاف کی حکو مت ماضی کا قصہ بن چکی ہے جسے خیبر پختونخوا کے عوام نے بے نقاب کر کے پاکستانی قوم کو تحریک انصاف کی نا ہلیت کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے پارٹی سیکریٹیریٹ میں ضلع غربی اور ضلع وسطی سے آئے ہوئے کارکنوں و رہنماؤں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی منتخب حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد2018 میں دوبارہ عوام کی عدالت میں جائے گی اور اپنی تاریخی کارکردگی اور خدمات کے عوض انشا اللہ چوتھی بار ملک و قوم کی خدمت کے لئے انتخابی کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی․ ہماری حکومت کو اسی سال رخصت کرنے والوں کی مدد کے لئے اب کوئی ایمپائر انگلی نہیں اٹھائے گا بلکہ بد نظمی اور نا اہلی کی ویمپائر تحریک انصاف کے سیاسی خاتمے کا سبب بنے گی․ خیبر پختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کی وجہ وہاں کی صوبائی حکومت کی نا اہلی اور کرپشن ہے ․ جب تک خیبر پختو نخوا میں قابل اور کرپشن سے پاک صوبائی حکومت قائم نہیں ہوتی غیر ملکی سرمایہ کار اس صوبے کا رخ کرنے سے کتراتے رہیں گے․ تحریک انصاف کی قیادت کے کھوکھلے نعرے ہی ان کی کرپشن اور نا اہلی کا ثبوت ہیں․ کراچی کے اضلاع غربی اور وسطی میں پینے کی پانی کی عدم دستیابی کے حوالے سے پارٹی کارکنوں کی شکایات کے جواب میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ واٹر بورڈ مکمل طور پر نا کام ہو چکا ہے اور واٹڑ ٹینکر کی ملی بھگت سے کراچی کے شہریوں کو لوٹنے کے عمل میں برابر کا شریک ہے․ رینجرز حکام کی تمام تر کوششوں کے باوجود شہر میں گیر قانونی ہائڈرنٹ پانی کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں․ واٹر بورڈ کا عملہ اور صوبائی وزرا کراچی کے شہریوں کے ساتھ غیر ملکیو جیسا سلوک روا رکھے ہوئے ہیں ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت وفاقی حکومت تک کراچی کے شہریوں کی آواز پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور بہت جلد وزیر اعظم پاکستان کراچی سمیت سندھ کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے انقلابی اقدامات کا اعلان کریں گے․ علی اکبر گجر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی بھرپور کوشش ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے عوام کو بس قدر جلد ممکن ہو تمام شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور سندھ کے عوام کو پانی، صفائی، اور دیگر روزمرہ مسائل کے لئے وفاق کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہ رہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں