کراچی ،چار روزہ ”ایکسپو پاکستان 2015“کی افتتاحی تقریب (آج) ہوگی ،

وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نمائش کا افتتاح کریں گے،نمائش میں دنیا بھر سے تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار افرادکی شرکت متوقع

بدھ 25 فروری 2015 19:20

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی تجارتی نمائش چار روزہ ”ایکسپو پاکستان 2015“کی افتتاحی تقریب آج (جمعرات)کراچی ایکسپوسینٹرمیں منعقد ہوگی۔وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نمائش کا افتتاح کریں گے۔ٹریڈڈویلپمنٹ آف پاکستان (ٹی ڈی ای اے )ذرائع کے مطابق نمائش کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

نمائش میں دنیا بھر سے تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار افرادکی شرکت متوقع ہے ۔ٹی ڈی اے پی کے مطابق 26فروری سے یکم مارچ تک ہونے والی نمائش میں 6 ہالز میں مجموعی طور پر 525 اسٹالز لگائے گئے ہیں اور تمام اسٹالز بک ہوچکے ہیں۔ ایکسپو پاکستان میں ویتنام سے 40، جاپان سے 50، چین سے 28، جرمنی سے 19، ملائشیا سے 54، ہالینڈ سے 46، روس سے 10، امریکہ سے 30، آسٹریلیا سے 31، جنوبی کوریا سے 30، بھارت سے 29، تھائی لینڈ سے 17، برازیل سے 37، ہانگ کانگ سے 37، ایران سے 33، سعودی عرب سے 60 اور انڈونیشیا سے 29 اسٹالز بک کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

نمائش میں 350 نمائش کنندگان شرکت کریں گے، ایکسپو پاکستان میں 17 سے زائد ممالک شرکت کریں گے جبکہ انڈونیشیا ایکسپو پاکستان میں پہلی بار شریک ہو گا۔اس ضمن میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے بتایا کہ ایکسپو پاکستان کی تیاریاں مکمل ہیں اور وزیراعظم محمد نواز شریف جمعرات کو کراچی ایکسپو سینٹر میں نمائش کا افتتاح کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ جی ایس پی پلس سے ملکی برآمدات میں ڈیڑھ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، پنجاب اور سندھ سمیت برآمدات کو مزید بڑھانے میں گیس اور بجلی کی قلت کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف گیس اور بجلی کے بحران کو دور کرنے کیلئے بے پناہ جدوجہد کررہے ہیں، ڈیم بھی بننا شروع ہو چکے ہیں، ایل این جی بھی آنے والی ہے، تھوڑا وقت لگے گا مگر ڈیڑھ دو سال کے بعد ملک میں تمام بحرانی کیفیت کا خاتمہ ہو گا اور ملک خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائے گا۔

ٍانہوں نے کہا کہ ٹی ڈیپ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی مٹی میں بہت دم ہے اور اگر بزنس کمیونٹی کو تھوڑا سا فری ہینڈ دیا جائے تو مشکلات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جلد ہی پاک افواج ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دے گی جس کے بعد ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور ملک کی معیشت روز افزوں پروان چڑھے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں ایس ایم منیر نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کے فنڈ میں کٹوتی کی وجہ سے ادارے کے نظم و نسق کو چلانے میں مسائل کا سامنا ہے، ٹی ڈی اے پی کے رولز حکومت نے منظورکرلئے ہیں اور اب جلد ہی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جا سکے گا جبکہ عارضی ملازمین کو بھی بھرتی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں