کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا تسلسل ، سرمایہ کاروں کے10ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

بدھ 25 فروری 2015 17:16

کراچی(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا تسلسل جاری ہے ۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کوبھی اتار چڑھاوٴ کے بعد مندی رہی تاہم کے ایس ای 100 انڈیکس کی 33800کی نفسیاتی حدپر مستحکم رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں10ارب69کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت15.58فیصدکم جبکہ59.23حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز اور دیگرانسٹی ٹیوشن کی جانب سے بینکنگ ،سیمنٹ ،پیٹرولیم اور ٹیلی کام سیکٹر ز میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34017پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔

(جاری ہے)

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 33825پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔ماہرین اسٹاک کے مطابق بین الاقوامی سطح پر خام تیل ودیگر کموڈٹیز کی قیمتوں میں کمی سے مقامی مارکیٹ بھی دبا کی زد میں آگئی ہے جبکہ کیپٹل مارکیٹ میں بھی آئل ودیگر متعلقہ شعبوں کی کمپنیوں کے حصص میں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ بعض لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے بھی مثبت اثرات حصص کی تجارت پر مرتب نہ ہوسکے۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس50.16پوائنٹس کمی سے 33845.30پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر368کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے131کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ 218کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں10ارب،69کروڑ48لاکھ59ہزار7روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر76کھرب15ارب 14کروڑ21لاکھ3ہزار89روپے ہوگئی ۔

بدھ کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں14کروڑ9لاکھ25ہزار 520شیئرز رہیں جو،منگل کے مقابلے میں2کروڑ 60لاکھ23ہزار870 شیئرزکم ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے یونی لیور فوڈز کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت300.00روپے اضافے سے9100.00روپے اورانڈس موٹرز کے حصص کی قیمت49.63روپے اضافے سے1042.40روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت247.89روپے کمی سے10701.11جبکہ ایکسائیڈ پاک کے حصص کی قیمت54.69روپے کمی سے1244.10روپے ہوگئی ۔

بدھ کو جہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں1کروڑ20لاکھ13ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت22پیسے اضافے سے22.05روپے جبکہ پی آئی اے سی کی سرگرمیاں97لاکھ 48 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت 50پیسے اضافے سے 10.12روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس36.46پوائنٹس کمی سے 22110.89پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس25.79پوائنٹس کمی سے 54310.32جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس39.58پوائنٹس کمی سے 24129.72پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں