حکومت سندھ کی جانب سے صفائی مہم کا آغاز خوش آئند ہے ‘ایس ایم منیر

منگل 24 فروری 2015 16:58

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین اور کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی نے حکومت سندھ کی جانب سے صفائی مہم کے آغازکو خوش آئند قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی صفائی کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کو بھی بہتربنانے کے اقدامات کیے جائیں، شہر کراچی کے بدترین انفرااسٹرکچر، ٹریفک نظام،ماحولیاتی آلودگی کے باعث شہر کی خوبصورتی متاثر ہورہی ہے ۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ اسٹیک ہولڈز کو آن بورڈ لے کر ہی معاشی سرگرمیوں کی رفتار کو تیز تر کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں کراچی کابہت اہم کردارہے جسے کھبی بھی نظراندازنہیں کیا جاسکتا ہے اور حکومت کراچی میں امن وامان کو بہتربنانے کے لیے سرگرم ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اب کراچی کے انفرااسٹرکچر کوبھی بہتربنایا جائے اور جدید ترین ٹرانسپورٹ کے نظام کومتعارف کراتے ہوئے شہر کراچی میں ٹریفک جام ہونے کے معاملات کو بہتربنایا جائے ۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی ابترصورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی معاشی سرگرمیوں کامرکز ہونے کے باوجودگندے پانی کاتالاب اورکچرے کاڈھیر کی عکاسی کرتانظرآرہا ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شہر کانظام درہم برہم ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ کراچی اور صوبائی حکومت کراچی میں موجودگندی اورکچرے کے ڈھیر کوفوری طورپر اٹھا نے کے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام کوبہتربناتے ہوئے سیلابی نالوں کی صفائی کے انتظامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی دنیا کے بہترین اور بڑے شہروں کامقابلہ کرنے کی سقت رکھتاہے اورپاکستانی معاشی ترقی میں اہم کرداراداکرنے والے شہرکراچی کی حالت زار دیکھکر افسوس ہوتاہے۔انہوں نے تمام سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی موجودہ صورتحال اور مسائل کومدنظررکھتے ہوئے دھرنوں اور ہڑتال سے گریز کیا جائے کیونکہ رواں ہفتے کراچی میں منعقدکیے جانے والے میگا ایونٹ ایکسپوپاکستان سے ترقی کانیا سفر شروع ہوگا اور پاکستانی برآمدکنندگان کو نئے برآمدی آڈرز موصول ہونگے جس سے برآمدات کوفروغ حاصل ہوگا۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ کراچی میں ہفتہ وار صفائی کی مہم شر وع کی جائے اور شہر کراچی کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے عوام میں آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں مزید نکھار پیدا کیا جاسکے ۔کورنگی ایسوسی ایشن کے چیئرمین راشد احمد صدیقی نے کہا کہ کراچی کے بیشترمقامات کی سڑکیں گندے پانی کے تالاب جبکہ پارک اور گراؤنڈ کچرے کے ڈھیر کامنظرپیش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج کانظام بدترین صورتحال سے دوچارہے جبکہ گندگی کے باعث مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر پاکستانی معیشت کی شہہ رگ ہے لیکن بلدیاتی نظام فعال نہ ہونے کے باعث شہر کراچی کے مسائل پیچیدگی سے دوچارہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کے حالت زار بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ،حکام بالا کو متعدد مرتبہ ہنگامی بنیادوں پر جام صادق پل کی تعمیر نو کامطالبہ کرچکے ہیں لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جام صادق پل کی تعمیر کسی سانحہ رونما ہونے کے بعد ہی کی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کاانفرااسٹرکچر تباہی سے دوچارہوچکا ہے جسکی بڑی وجہ ماضی میں کیے گئے تعمیراتی کاموں کے باوجود اسکی مرمت اوردیکھ بھال نہیں کی گئی اور انفرااسٹرکچر تباہی کامنظرپیش کرنے لگاہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں